بلوچستان اور سندھ پولیس باہمی تعاون سے اسمگلنگ کا قلع قمع کریں گے، مشیر اطلاعات سندھ

بدھ 23 جنوری 2019 23:25

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ایرانی پٹرول کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سندھ پولیس اور بلوچستان پولیس باہمی تعاون سے ایسی اسٹریٹجی بنارہے ہیں جس کے بعد ایرانی پٹرول کی اسمگلنگ کا خاتمہ ہوسکے گا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی بلوچستان سے اس ضمن میں بات چیت ہوئی ہے کہ سرحدوں پر غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کے لئے مو ثر پالیسی مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں ستر ہزار لیٹر ایرانی پٹرول پکڑا گیا ہے جو بڑی گاڑیوں میں خفیہ ٹینکوں میں اسمگل کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان سے متعلق ہر ہفتہ اجلاس ہوگا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان شرکت کریں گے اور اس کی سربراہی وزیرِ اعلی سندھ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورنگی میں پولیس فائرنگ سے زخمی ہوئے والے جوڑے کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں وزیر اعلی نے اس واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے ان دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف مہم جاری ہے اب تک سندھ سے سترہ ہزار گاڑیاں جعلی نمبر پلیٹ والی پکڑی گئی ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹ آویزاں نہ کریں اس وقت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار نمبر پلیٹس تیار ہیں مگر عوام ان کو وصول کرنے نہیں آرہے ہیں جو کہ سراسر شہری ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ پر کام شروع ہوچکا ہے جس کے پہلے فیز میں ریڈ زون پر کام کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں