متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سید ارشد حسن ڈپٹی میئرکراچی منتخب ہوگئے

جمعہ 19 اپریل 2019 00:16

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سید ارشد حسن بلدیہ عظمی کراچی کے ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لئے ڈپٹی میئر کے انتخاب جمعرات کو کے ایم سی ہیڈ آفس میں منعقد ہوئے۔ اس موقع پر 300 میں سے 281 ووٹ کاسٹ کئے گئے جن میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار سید ارشد حسن 194 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی میئر کراچی منتخب ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے کرم اللہ وقاصی 78ووٹ لے کر دوسری پوزیشن پر رہے جبکہ 9 ووٹ مسترد ہوئے۔

پولنگ کا تناسب 93.7 فیصد رہا۔ پولنگ صبح 9 بجے تا شام 5 بجے تک تسلسل سے کے ایم سی کونسل ہال میں جاری رہی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی ہوئی اور ریٹرننگ آفیسر، ڈپٹی کمشنر سائوتھ صلاح الدین نے نتائج کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سب سے پہلا ووٹ مسلم لیگ (ن) کے امان آفریدی نے سوا 9 بجے کاسٹ کیا جبکہ پونے پانچ بجے ایم کیو ایم کے خرم فرحان نے آخری ووٹ ڈالا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر علی رضا سیال، ریٹرنگ آفیسر اور ڈپٹی کمشنر سائوتھ صلاح الدین ، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، اسسٹنٹ کمشنر گارڈن فضل ِ ربی اور دیگر انتظامی شخصیات صبح 9 بجے سے شام تک موجود رہیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے اپنا ووٹ پونے 3 بجے ڈپٹی میئر کے امیدوار سید ارشد حسن کے ہمراہ کاسٹ کیا۔ میئر کراچی وسیم اختر کے ووٹ ڈالنے کے موقع پر کمشنر کراچی افتخار شلوانی بھی موجود تھے۔ اس سے قبل میئر کراچی وسیم اختر نے ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے انتخابی کیمپ کا دورہ کیا اور دونوں امیدواروں سے ملاقات کی، پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم اور کرم اللہ وقاصی کے ساتھ انتخابی انتظامات کے حوالے سے گفتگو کی۔

اپوزیشن کی جانب سے ڈپٹی میئر کراچی کے امیدوار کرم اللہ وقاصی نے تقریباً سوا بارہ بجے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ووٹ ڈالنے کے لئے اسیر اراکین یوسی ۔35 بلدیہ کے محمد نعمان اور یوسی 14- فاطمہ جناح کالونی ضلع شرقی کے حبیب نے ہاتھ میں ہتھکڑی کے ساتھ ووٹ ڈالا۔ ووٹنگ کے عمل کے دوران ایم کیو ایم کے کیمپ میں ووٹ ڈالنے والے اراکین کا رش رہا۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے مختلف اراکین سمیت کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈپٹی کنوینئر عامر خان، خواجہ اظہار الحسن، کنور نوید جمیل، امین الحق، فیصل سبزواری، ارشد سبزواری، شیخ صلاح الدین، ریحان ہاشمی، شاکر علی، ویسٹ کے چیئرمین اظہار احمد خان، کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا، ایسٹ کے چیئرمین معید انور اور سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی اور دیگر نے ایم کیو ایم کے انتخابی کیمپ کا دورہ کیا اور شام تک موجود رہے۔

نومنتخب ڈپٹی میئر سید ارشد حسن نے اس موقع پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام سے سب واقف ہیں اور ہمارے پاس وقت بھی بہت کم ہے ، کم ترین وسائل میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں