پراپرٹی کے سروے کے حوالے سے ایف بی آر اور سندھ بورڈ آف ریونیو کا سروے کا طریقہ کار ایک دوسرے سے بالکل مختلف اور الگ ہے ، وزیر ریونیو محبوب الزماں

،اس حوالے سے اسی مالی سال میں پالیسی کا اعلان کردیا جائے گا، سندھ اسمبلی کے اجلاس میں جواب

جمعہ 19 اپریل 2019 23:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) سندھ کے وزیر ریونیو مخدوم محبوب الزماں نے کہا ہے کہ پراپرٹی کے سروے کے حوالے سے ایف بی آر اور سندھ بورڈ آف ریونیو کا سروے کا طریقہ کار ایک دوسرے سے بالکل مختلف اور الگ ہے ،اس حوالے سے اسی مالی سال میں پالیسی کا اعلان کردیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات جمہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ ریوینیو سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتائی ۔

جی ڈی اے کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کے ایل اے آر ایم آئی ایس کے تحت التوا کا شکار اسکیموں اور ادائیگیوں سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ زیر التوا ادائیگیوں کا معاملہ جون2018 میں ختم ہوچکا ہے۔جی ڈی اے کے عارف مصطفی جتوئی نے کہا کہ شہری اور زرعی ملکیت کی قدر میں کیا فرق ہے، انہوں نے دریافت کیا کہ پراپرٹی ٹیکس میں تبدیلی کا کیا کوئی خودکار طریقہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر مخدوم محبوب الزماں نے کہا کہ تجویز اچھی ہے مگر اس وقت ایسا کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ارسلان تاج نے پوچھا کہ زمینوں کی ڈیجیٹلائزیشن کا مرحلہ کہاں تک پہنچا، صوبائی وزیر نے بتایا کہ 13 ملین ایکڑ اراضی کا ڈیجیٹلائز کرلیا گیا 21 ملین ابھی باقی ہے۔ رکن اسمبلی ارسلان تاج نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ محکمہ ریونیو کی ویب سائیڈ ڈائون ہے جس پر وزیر ریوینیو نے وضاحت پیش کی کہ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ایسا ہوا ویب سائیڈ پیر تک بحال ہوجائے گی، مخدوم محبوب الزماں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کو سندھ حکومت کے تحت ہی کیا گیا آئوٹ سورس نہیں کیا گیا۔

جی ڈی اے کی خاتون رکن نصرسحر عباسی نے استفسار کیا کہ بھرتیوں میں کوٹے کی کیا شرح رکھی گئی ہے جس پر مخدوم محبوب نے کہا کہ 5 سال میں کوئی نئی بھرتیاں نہیں کی گئیں، بھرتیاں صرف سن کوٹے کے تحت ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی بھرتیوں کی اجازت ملے گی ہم طریقہ کار کے مطابق تقرریوں شروع کردیں گے۔: وقفہ سوالات کے دوران ایم کیو ایم کے اسیر رکن جاوید حنیف نے اضلاع کی بنیاد پرروینو آمدنی کی علیحدہ علیحدہ تفصیلات جاننا چاہیں تو صوبائی وزیر نے کہا کہ میرے پاس تفصیل موجود ہے مگر پرنٹ پڑھنے کے لائق نہیں ہے جس پر جاوید حنیف نے کہا کہ آپ جوابدہ ہیں ایوان کو جواب دینے کے آپ کو تفصیل دینا چاہیئے صوبائی وزیر کو جاوید حنیف کی بات گراں گزری اور انہوں نے کہا کہ میں ملازم نہیں ہوں جو آپکو جوابدہ ہوں ۔

مخدوم محبوب کے اس تلخ جواب پر جاوید حنیف بھی برہم ہوگئے اور انہوں نے کہا کہ آپ ایوان کو جوابدہ ہیں آپ کیوں نہیں بتائیں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں