ملک کو مزید مشکلات سے بچانے کیلئے عمرانی حکومت کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے،حاجی عالم زیب خان

ابھی ایک سال پورا نہیں اور ملک قرضوں اور بحرانوں کی دلدل میں چلاگیا۔عمرانی سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، سابق وفاقی وزیر

پیر 15 جولائی 2019 23:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر حاجی عالم زیب خان نے کہا کہ ملک کو مزید مشکلات سے بچانے کیلئے عمرانی حکومت کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔ابھی ایک سال پورا نہیں اور ملک قرضوں اور بحرانوں کی دلدل میں چلاگیا۔عمرانی سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔

وہ جامعہ عثمانیہ شیر شاہ میں جامعہ کے رئیس اور جمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ عالم زیب خان نے کہا کہ تاجروں کی ہڑتال کے ذریعہ قوم جعلی حکومت کے خلاف فیصلہ دے چکی ہے۔ عمرانی حکومت اب چند دنوں کی مہمان ہوگی ۔قاری محمد عثمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے سلیکٹڈارکان اسمبلی دور بینوں میں بھی نظر نہیں آتے۔

(جاری ہے)

اہل کراچی اپنی ضروریات زندگی اور عزت کس سے مانگیں شہریوں کو کمر توڑ مہنگائی اور بیروزگاری نے جہاں فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے وہاں پینے کے پانی کی عدم سپلائی اور لوڈشیڈنگ نے ہلاکر رکھدیا ہے۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ ایک طرف کراچی کے شہری چھوٹے بڑے تاجر و ٹرانسپورٹرز غرض زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے کروڑوں عوام بے یار و مدد گار کسمپرسی کے عالم میں زندگی گزار رہے ہیں تو دوسری طرف ہر نیا دن مہنگائی کا نیا طوفان لیکر آتا ہے۔

عام شہری اور یومیہ اجرت والے مزدوروں کے چولہے بجھا دئے گئے ہیں۔ جس سے بہر حال خطرناک صورتحال کی نوید سنائی دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمرانی حکومت اور لوٹا پارٹی کے وزراء کو اپوزیشن کی کردار کشی کے ایک غیر ضروری اور بھونڈے قسم کے کام پر لگادیا ہے۔ایسے لوگ جنکا کردار اور ماضی خود بد نما داغ ہے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کراچی کے شہریوں کو فوری طور پر پانی و بجلی کے بحران سے نجات دلاتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات گیس بجلی خوردونوش کی تمام اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرتے ہوئے اصل پوزیشن کو بحال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمرانی حکومت ملک اور قوم پر عذاب الہی سے کم نہیں،لہذا شہری اجتماعی طور پر رجوع الی اللہ اور توبہ استغفار کا بھی اہتمام کریں۔عشائیے میں مولانا گل محمد تالونی، مولانا مصباح العالم، محمد الیاس خان، حاجی فرید خان ،مولانا مسکین ،جمعیت علماء اسلام کے پی ایس 112، 113، 114، 115 ،116، 120 کے امراء ونظمائے عمومی مولانا عبدالسلام شاہ، مفتی اشرف، مولانا محمد بلال، مولانا عبدالحفیظ لاشاری، مولانا گل رفیق، مولانا ظاہر شاہ، حافظ محمد نعیم، مفتی فیض الحق، مفتی کفایت اللہ، مولانا احسان قریشی ،قاری بخت نذیر، قاری احمد سعید ،مولانا احتشام الحق، فضل الہی، مولانا شمس الرحمن ،مولوی عمر گلاب، عطاء الرحمن دیشانی، مولانا عبدالطیف،قاری نور الرحیم، نذیر احمد خان اور دیگر بڑی تعداد میں جماعتی احباب موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں