کراچی ،پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ کا کارنامہ

لانڈھی انڈسٹریل ایریا میں سرکاری ڈسپنسری کی عمارت اتائی ڈاکٹر کے قبضے سے واگزار کرادیا

جمعرات 18 جولائی 2019 17:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ کا کارنامہ ،عوامی شکایات پر لانڈھی انڈسٹریل ایریا کے علاقے کی سرکاری ڈسپنسری کی عمارت اتائی ڈاکٹر کے قبضے سے واگزار کرالی ۔علاقہ عوام کی جانب سے مبارک باد اور اتائی کے احتساب کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق لانڈھی انڈسٹریل ایریا کے علاقے مسلم آباد اسٹار گرائونڈ میں سابق ایم پی اے مولانا احسان اللہ ہزاروی کی جانب سے مسلم آباد میں ایک سرکاری ڈسپنسری کی عمارت تعمیر کرائی گئی تھی جس پر عرصہ دراز سے عملے کی عدم تعیناتی کے باعث مختلف مافیا ز نے قبضہ کئے رکھا لیکن اپریل 2016ء میں علاقے کے اتائی ڈاکٹر نے سابق ٹی ایچ او لانڈھی صدیق سومرو کی ملی بھگت سے نام نہاد این جی اوز کے نام پر ڈسپنسری پر قبضہ کرلیا اور غریب عوام سے سستی طبی سہولیات کے نام پر لوٹ مار کرنے لگا ڈسپنسری میں مریضوں سے مختلف مدوں میں ہزاروں روپے وصول کئے جاتے تھے جس پر علاقہ عوام نے ارباب اختیار کو متعدد درخواستیں ارسال کرنے کے ساتھ تنگ آکر وزیر اعلیٰ سندھ کے ایک سابق کوآرڈینیٹر اور پی پی کے ایک مقامی رہنما کو تمام تر حقائق سے آگاہ کیا جنہوں نے تحقیقات کے بعد معاملہ رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ کے آگے رکھا جس پر انہوں نے فوری طور پر DHOملیر ڈاکٹر احمد علی میمن کو نوٹس لینے کا حکم دیا جس پر DHOملیر نے کارروائی کرتے ہوئے سرکاری ڈسپنسری اتائی ڈاکٹر سے واگزار کراکے عمارت کو سیل کردیا ۔

(جاری ہے)

جس پر علاقہ عوام کی جانب سے ایم این اے آغا رفیع اللہ سے اظہار تشکر کے بینر بھی آویزاں کئے گئے اور اس کے ساتھ ہی یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ اتائی سے گزشتہ تین سالوں کی لوٹ مار کا بھی حساب لیا جائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں