کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ناقص کارکردگی کو شہری بھگت رہے ہیں، چیئرمین بلدیہ شرقی

ہفتہ 24 اگست 2019 18:16

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ نکاسی آب کراچی کا بڑا مسلہ بن چکا ہے، جگہ جگہ سیوریج کی گندگی نے عوام کی روز مرہ زندگی کو متاثر کر رکھا ہے، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ناقص کارکردگی کو شہری بھگت رہے ہیں لیکن اب وزیراعلی سندھ سے منعقدہ اجلاس کے بعد سیوریج مسائل حل کی امید ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 26 قائد اعظم کالونی میں نکاسی آب کے مسائل کاجائزہ لینے کے موقع پر کیا۔ نکاسی آب کا مناسب نظام نہ ہونے کی وجہ سے سیوریج کا پانی سڑکوں پر پھیل گیا ہے جس سے علاقہ مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ سڑکوں کا انفراسٹرکچر بھی متاثر ہو رہا ہے۔ چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے موقع پر ہی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ا فسران کو فوری مسئلے کو حل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر قائداعظم کالونی کو صاف کیا جائے اور ونچنگ کے عمل سے تمام نکاسی آب کی لائنوں کو کلیئرکرکے نئی سیوریج لائنوں کی تنصیب کے لئے اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر جہاں جہاں نکاسی آب کے حوالے سے مسائل آرہے ہیں وہاں مشینی و افرادی قوت کی مدد سے اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ اس حوالے سے سے ہونے والے اقدامات سے آگاہ رکھا جائے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ بلدیہ شرقی کے افسران بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں