تاجر برادری کا ایف بی آر کیخلاف 8 اکتوبر سے کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ کا اعلان

اکتوبر سے اسلام آباد میں ایف بی آر کے دفتر کے باہر غیر معینہ مدت تک دھرنا دینے اور 27 ستمبر کو ایم اے جناح روڈ پر جلسے کا بھی اعلان

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) تاجر برادری نے ایف بی آر کے خلاف 8 اکتوبر سے کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ کرنے کا اعلان کردیا ،12 اکتوبر سے اسلام آباد میں ایف بی آر کے دفتر کے باہر غیر معینہ مدت تک دھرنا دینے کا اعلان ، کراچی اور اندرون سندھ کی تمام مارکیٹوں میں احتجاجی طور پر سیاہ بنیرز آویزاں کیئے جائیں گے اور27 ستمبر کو ایم اے جناح روڈ پر جلسہ بھی کیاجائے گا۔

اس ضمن میں تاجر رہنماء جمیل پراچہ نے کہاکہ ایف بی آر تاجروں سے ان کے بچوں کی روٹی روزی چھین رہی ہے ،شناختی کار ڈ کی شرط کے کالے قانون کو کسی صورت میں برداشت نہیں کریں گے، ایف بی آر کے دفتر کے باہر مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا جاری رہے گا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین اور آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنماء جمیل پراچہ کی زیر صدارت تاجر رہنمائوں کا اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرجیل گوپلانی،رضوان عرفان ،کاشف صابرانی،انصار بیگ قادری،عبدالرحمن،سلیم راجپوت،جاوید شمسی،احمد شمسی،سید محمد سعید،عبدالغنی میمن سمیت کراچی کی مختلف مارکیٹوں کے تاجر رہنمائوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر جمیل پراچہ نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے متعدد بار اجلاسوں میں ہم نے مطالبات کیے کہ چھوٹے تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم متعارف کرائی جائے لیکن اس کے باوجود ایف بی آر نے تاجر برادری کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جس کی وجہ سے ہم مجبور ہوکر احتجاج کا راستہ اختیار کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجر 27 ستمبر کو ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی جلسہ کریں گے جبکہ کراچی اور حیدرآباد کی مارکیٹوں میں دکاندار اپنی دکانوں پر سیاہ بینر آوایزاں کریں گے ، اس کے علاوہ 8 اکتوبر سے کراچی سے اسلام آباد لانگ مارچ شروع کیا جائے گا جس کے لیے ملک بھرکی تاجر تنظیموں سے رابطہ کیا جائے گا اور انہیں بھی احتجاجی ریلی میں شریک کیا جائے ، ٹرین مارچ میں شریک تاجر11 یا12 اکتوبر سے اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کے دفتر کے باہر دھرنا دیںگے ۔

جمیل پراچہ نے کہا کہ دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا اور مطالبات کے پورے ہونے تک دھرنا جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کو ایف بی آر نے احتجاج کرنے پر مجبور کیا ہے، ہم نے پہلے ہی روز سے ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کو کہا تھا کہ شناختی کارڈ کی شرط چھوٹے تاجروں کے لیے کالا قانون ہے اس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں تباہ ہو جائیں گی لیکن ہماری بات کو نظر انداز کیا گیا یہی وجہ ہے کہ آج ملک کا 70 فیصد کاروبار تباہ ہوچکا ہے ،چھوٹے تاجر دیوالیہ ہورہے ہیں ،ان حالات میں ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں