سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ،سید مصطفی کمال کی ضمانت میں توسیع

کراچی کسی مہم سے نہیں بلکہ نظام سے صاف ہوگا، کراچی برباد ہوگا تو ملک برباد ہوگا،چیئرمین پی ایس پی کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 15 اکتوبر 2019 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا نیب ریفرنس میں سابق ناظم سید مصطفی کمال سمیت دیگر کی ضمانت میں توسیع کردی۔ چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال نے سندھ حکومت کی صفائی مہم کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کسی مہم سے نہیں بلکہ نظام سے صاف ہوگا۔ کراچی برباد ہوگا تو ملک برباد ہوگا۔

آرمی چیف پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کراچی کو برباد ہونے سے بچالیں۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا نیب ریفرنس میں سابق ناظم سید مصطفی کمال سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر نیب نے موقف دیا کہ ملزمان کی جانب سے کسی نے بھی یہ نہیں کہا کہ پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ نہیں کی۔

(جاری ہے)

ملزمان کا یہ کہنا ہے جرم یوں نہیں کیا۔ رفاعی پلاٹوں کو بھی لیز میں شامل کرکے بلڈر کو دے دیا گیا۔ عدالت نے سید مصطفی کمال اور دیگر کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع کرتے ہوئے سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر دلائل جاری رکھیں گے۔ سماعت کے بعد سابق ناظم و چئرمین پی ایس پی مصطفی کمال نے کہا کہ سندھ حکومت کی صفائی مہم کو ناکام ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کسی مہم سے نہیں بلکہ نظام سے صاف ہوگا۔ کراچی برباد ہوگا تو ملک برباد ہوگا۔آرمی چیف پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کراچی کو برباد ہونے سے بچالیں۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی میں تیسری صفائی مہم جاری ہے لیکن صفائی نظر نہیں آرہی۔ مہم سے نہیں نظام سے کراچی صاف ہوگا۔ سٹی گورنمنٹ، وفاقی حکومت کے بعد صوبائی حکومت کی صفائی مہم بھی ناکام ہوگئی۔

20 سے زائد افراد کو پاگل کتے نے کاٹ لیا۔ جو پولیس اہلکار کتے کو مارنے گئے انہیں بھی کتے نے کاٹ لیا۔ شہر میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ لوگ ٹارگٹ کلنگ سے مرنا بند ہوئے تو اب ڈینگی اور کتے کے کاٹنے سے مررہے ہیں۔ کراچی جو پاکستان کو 70 فیصد ریونیو دیتا ہے اسکے نظام کے لیے بھی آرمی چیف ثالثی کا کردار ادا کریں۔ آرمی چیف کے علاوہ کوئی بھی اس شہر کا حل پیش نہیں کرسکتا۔ ہرمیس پی ایس پی نے کہا کہ کے فور پر 20 ارب سے زائد پیسہ لگانے کے بعد نیسپاک کی رپورٹ آئی ہے کہ کے فور کا روٹ صحیح نہیں۔ یہ کراچی نہیں بلکہ ملک کیخلاف سازش ہورہی ہے۔ جے یو آئی ف کے دھرنے میں شرکت کے سوال پر مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ایجنڈے کا مجھے علم نہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں