انتظامیہ مہنگائی کے مارے غریب لوگوں کے لئے روزگار کے ذرائع بند نہ کرے : پاسبان

جمعرات 21 نومبر 2019 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ شہری انتظامیہ تجاوزات کے نام پر مہنگائی کے مارے غریب لوگوں کے لئے روزگار کے ذرائع بند نہ کرے ۔ اخبار فروش علم کے سفیر ہیں ان کے خلاف کاروائی کو فوری طور پر روک دیا جائے کیو ں کہ ان احمقانہ اقدامات سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔

تجاوزات کی زد میں ہمیشہ عام اور غریب آدمی ہی کیوںآتا ہی کاروائی کرنی ہی ہے تو طاقتور بلڈر مافیا اور بڑے ناجائز قابضین کے خلاف کی جائے جو کئی مربع میل پر محیط اراضیوں پر برسوںسے قبضے جمائے بیٹھے ہیں اوراربوں کھربوں مالیت کا ملکی سرمایہ ہڑپ کرنے کے بعد ڈکار تک نہیں لیتے۔ شہری انتظامیہ کی جانب سے کراچی بھر کے اخبار فروشوں کو فوری اسٹالز ہٹانے کے احکامات کے رد عمل میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالحاکم قائد نے کہا کہ مناسب تو یہ ہوتا کہ شہری انتظامیہ انجمن اخبار فروشاں سے باہمی مشاورت کے ذریعے کوئی منصوبہ بندی کرتی ۔

(جاری ہے)

جس طر ح دنیا کے تمام میگا سٹیز میںs flea market ہوتی ہیں۔ ان مارکیٹوں میں ہاکروں کو مخصوص گلیوںمیں مخصوص اوقات میں ایک مقررہ سائز کے عارضی اسٹالز لگانے کی اجازت ہوتی ہے تا کہ ان کی روزی بھی چلتی رہے اور ٹریفک بھی متاثر نہ ہواور عوام تک علم اور خبریں پہنچتی رہیں۔ اسی طرز پر شہر کراچی میں بھی اخبار فروشوں کے لئے کوئی جگہ مختص کی جاتی یا کسی قانون اور قاعدے کے تحت انہیں باعزت طریقے پر اپنی روزی کمانے کی اجازت دی جاتی۔

حکومت کی علم دشمن اورعوام دشمن پالیسیوں سے مہنگائی ، جرائم اور بیروزگاری میں اضافے کے سوا کچھ حاصل نہ ہوگا۔ ناقص پالیسیوںکا شاخسانہ ہی ہے کہ عام آدمی سڑکوں پر آگیا ہے، خودکشی کرنے پر مجبور ہے۔ معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ایسے میں غریب اخبار فروشوں کو تجاوزات کے نام پر اسٹالز ہٹانے کے احکامات دراصل علم اور خبروں کی ترسیل کے مقدس پیشہ کے خلاف سازش ہیں۔

اخبارفروش دنیا بھر میں سفیر کا درجہ رکھتے ہیں، ان اخبار فروش مزدوروں کومعمولی جان کر نظر انداز نہ کیا جائے۔یہ علم و دانش کو پھیلانے کا ذریعہ ہیں۔ حکومت انہیں بیروزگار نہ کرے، معاف ہی رکھے۔ اخبار فروشوں کے اسٹالز تجاوزات کے زمرے میں نہیں آتے، یہ معاشرے کی ضرورت ہیں ۔پاسبان علم اوراخبار فروشوں کے خلاف اس سازش کی سختی سے مذمت کرتی ہے اور حکام اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ غریب لوگوں پر ظلم بند کرے۔غریب اخبار فروشوں کے خلاف کاروائی کوروکا جائے اور ان احکامات کو فوری واپس لیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں