آٹے کا بحران اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کے مترادف ہے، دردانہ صدیقی

عوام کی زندگی اجیرن ، ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں نے عوام کو خودکشی پہ مجبور کردیا ہے، سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی خواتین

جمعہ 17 جنوری 2020 23:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2020ء) آٹے کا بحران اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے ۔ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں نے عوام کو خودکشی پہ مجبور کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی خواتین پاکستان دردانہ صدیقی نے آٹے کے بحران ، بڑھتی ہوئی مہنگائی ،بے روزگاری اور دیگر ضروریات زندگی کی عدم دستیابی پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، اناج اور گیس پاکستان کی پیداوار ہیں ایسے میں ان ضروریات کا بحران پیدا ہوجانا ظاہر کرتا ہے کہ یہ مصنوعی بحران ہے جو ایک جانب امیر کو امیر تر اور غریب کو خودکشیوں پر مجبور کررہا ہے۔ دردانہ صدیقی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قیمتوں میں اضافے اور مصنوعی بحران کا فوری نوٹس لے جبکہ نوکریوں کے لیے کیے گئے وعدے پر عمل کرتے ہوئے عوام کو نوکریاں فراہم کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشی بدحالی،مہنگائی و بے روزگاری سے خواتین براہ راست متاثر ہورہی ہیں ۔جس کی وجہ سے گھریلو ناچاقیاں،خودکشیاں اور دیگر نفسیاتی عوارض جنم لے رہے ہیں جن کے منفی اثرات عوام کو بری طرح متاثر کررہے ہیں۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں