جسمانی نشو و نما اور صحت کے لئے تفریحی و تعمیری سرگرمیاں شہر میں تسلسل سے جاری رہنی چاہئیں، میئرکراچی

صحت مند معاشرے میں ایسی سرگرمیاں ضروری ہیں، ماضی میں کھیل کے میدان میں ہم نے بے شمار کامیابیاں حاصل کیں مگر بدقسمتی سے کافی عرصے سے ایسی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں، وسیم اختر

منگل 28 جنوری 2020 00:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2020ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ جسمانی نشو و نما اور صحت کے لئے تفریحی و تعمیری سرگرمیاں شہر میں تسلسل سے جاری رہنی چاہئیں کیونکہ صحت مند معاشرے میں ایسی سرگرمیاں ضروری ہیں، ماضی میں کھیل کے میدان میں ہم نے بے شمار کامیابیاں حاصل کیں مگر بدقسمتی سے کافی عرصے سے ایسی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں، جاکنگ اور واکنگ کی آگاہی فراہم کرنے کے لئے کے ایم سی اور کراچی پریس کے اشتراک سے ریکریشن کمیٹی بنائی جائے گی تاکہ شہریوں کو اس جانب متوجہ کیا جاسکے اور وہ جسمانی صحت کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی شام کراچی پریس کلب میں سینئر صحافی اور پریس کلب کے فعال رکن طاہر صدیقی کے اعزاز میں کمشنر کراچی میراتھن ریس میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن اصلاح الدین، پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران، جوائنٹ سیکریٹری ثاقب صغیر، فنانس سیکریٹری راجہ کامران ، پریس کلب کے عہدیداران و اراکین سمیت میڈیا سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی نے طاہر صدیقی کو میراتھن ریس میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طاہر صدیقی نہ صرف خود جسمانی فٹنس کے لئے محنت کرتے ہیں بلکہ پریس کلب اور میڈیا سے وابستہ افراد کو بھی اس حوالے سے متحرک رکھتے ہیں جو یقینا ایک لائق تحسین بات ہے، انہوں نے کراچی پریس کلب کے توسط سے وزیر اعظم پاکستان سے درخواست کی کہ شہر کے مسائل کے حل کے لئے انہیں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوں گے کیونکہ کراچی کے شہری بنیادی مسائل کے حل کے لئے ان کی جانب دیکھ رہے ہیں اور شہری بنیادی سہولیات، پانی و سیوریج اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل سے دو چار ہیں جنہیں حل کرنے کی فوری ضرورت ہے، اولمپئن اصلاح الدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جسمانی سرگرمیاں نہایت اہمیت کی حامل ہیں، ایسی سرگرمیوں سے غیر ممالک میں مثبت پیغام جاتا ہے جس سے غیر ملکی کھلاڑیوں اور ٹیموں کے پاکستان میں آنے کی راہ ہموار ہوتی ہے، کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران نے میئر کراچی وسیم اختر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پریس کلب اپنے ممبران کو جسمانی نشو ونما اور فٹنس کے لئے جم کی سہولیات فراہم کر رہا ہے جہاں اراکین روزانہ کی بنیاد پر جم کی سہولت سے استفادہ کرتے ہیں ، انہوں نے طاہر صدیقی کو میراتھن ریس میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، طاہر صدیقی نے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ پر کراچی پریس کلب اور تقریب میں آمد پر میئر کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ میڈیا سے وابستہ افراد اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ جسمانی فٹنس کے لئے بھی اپنی جانب توجہ دیں تاکہ بیماری سے مقابلہ کرنے کے لئے ان میںمزاحمتی قوت پیدا ہو۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پریس کلب کی جانب سے میئر کراچی وسیم اختر کو اجرک کا روایتی تحفہ بھی پیش کیا گیا جبکہ طاہر صدیقی کو شیلڈ دی گئی۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں