کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کاصحافی عزیز میمن کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

منگل 18 فروری 2020 00:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2020ء) کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے تحت محراب پور میں صحافی عزیز میمن کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، صحافی رہنماوں کا کہنا تھا کہ صوبے میں تسلسل کیساتھ صحافیوں کا قتل تشویشناک ہے ، سندھ حکومت واقعات میں ملوث قاتلوں کو بے نقاب کرے اور اصل محرکات سامنے لائے۔کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاج میں صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے بھی شرکت کی ، ناصر حسین شاہ نے عزیز میمن کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات اور قاتلوں کی جلد گرفتار ی عمل میں لانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا حکومت عزیز میمن کے قتل کی عدالتی تحقیقات کیلئے تیار ہے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر طارق ابو الحسن کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی آواز دبانے کی مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں، عزیز میمن کا قتل بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، صدر کے یو جے دستور کا کہنا تھا کہ عزیز میمن کا قتل سندھ حکومت اور آئی جی سندھ کے لئے ایک ٹیسٹ کیس ہے ، آئی جی سندھ جس طرح اپنے اختیارات کے لئے فکر مند ہیں اسی طرح وہ اس واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں اور قاتلوں کو منظر عام پر لائیں۔

(جاری ہے)

کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران اور سیکریٹری ارمان صابر کا کہنا تھا کہ صوبے میں صحافیوں کے قتل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، میڈیا کی آواز دبانے کی کوشش کی جار ہی ہے، انہوں نے عزیز میمن اور دیگر صحافیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ، رہنماوں نے سندھ حکومت سے صوبے میں اب تک قتل ہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کی گرفتاری ،قتل کے اصل محرکات منظر عام پر لانے اور مقتولین کے اہل خانہ کی کفالت کی ذمہ داری لینے کا بھی مطالبہ کیا

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں