عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلاوں گا اور اب وہ پوری قوم کو رلا رہا ہے ،تیمور تالپور

ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ گندم کی کٹائی کے سیزن میں آٹے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں،وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سندھ

پیر 6 جولائی 2020 22:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) صوبائی وزیر برائے انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلاوں گا اور اب وہ پوری قوم کو رلا رہا ہے ۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ گندم کی کٹائی کے سیزن میں آٹے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر تیمور تالپور نے کہا کہ جنہوں نیکبھی ٹیکس نہیں دیا وہ بڑے بڑے عہدوں پر بیٹھے ہیں، حکومت ناکام ہوچکی ہے عمران خان کو گھر جانا ہوگا، پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم کسی صورت جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، نیازی حکومت کا ایک لمحہ بھی ملک و قوم پر بھاری ہے۔

صوبائی وزیر تیمور تالپور نے چینل 24 کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی آزادی پر اس حکومت نے جیسے حملہ کیا کسی نے نہیں کیا، کٹھ پتلی حکومت نے آمروں کے ریکارڈ بھی توڑ دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ آئل کمپنیوں کو پہنچایا گیا ہے، یہ پاکستانیوں پر اتنا ظلم کرکے بھی کیسے اپنے آپ کو تحریک انصاف کہتے ہیں، انہوں نے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے، یہ کیسے عوام کو جواب دیں گے کس منہ سے ان کے پاس جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم صاحب،آپ بس نوٹس ہی لینا بند کردیں، ادویات پر نوٹس لیا تو وہ مہنگی ہوگئیں، آٹا، چینی پر نوٹس لیا تو وہ مہنگے ہوگئے، بہتر ہوگا وزیراعظم اپنے آپ کو قرنطینہ میں رکھیں، کوئی پریس کانفرنس نہ کرے، کوئی نوٹس نہ لے، اور ذمہ داروں کو اپنا کام کرنے دے۔ تیمور تالپور نے کہا کہ پائلٹس اور سول ایوی ایشن کی عالمی سطح پر کردار کشی کی گئی، حکومت سمجھتی ہے کہ جس کو بھی نوکری ملتی ہے وہ سیاسی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بے روزگار کرنا کس قسم کا ریلیف ہے، تنخواہوں اورپنشن میں اضافہ نہ کرنا ظلم ہی ہوتا ہے، حکومت کی کورونا کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی نہیں ہے،یہ نالائق اور نااہل ہیں کام نہیں کر سکتے۔ صوبائی وزیر تیمور تالپور نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف نمائشی احتجاج اور دھما چوکڑی کرکے یہ عوام کو بے وقوف بنانا چاہتے ہیں، لیکن عوام بخوبی جانتی ہے کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، اگر یہ عوام کے ساتھ مخلص ہیں تو مسخریاں کرنے کی بجائے فی الفور کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لینے کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجائے کے الیکٹرک کو لگام دینے کے وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کو بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں