بلدیہ جنوبی صدر زون کے انسپکٹرز، سب انسپکٹرز کا یونین سرگرمیوں میں شریک ہونا خوش آئند ہے، سجن یونین بلدیہ جنوبی

سینیٹری ورکر کو ڈرائیور کی پروموشن دلوانے کو چارٹر آف ڈیمانڈ کا حصہ بنایا۔ سجن یونین کے کارنامے بلدیاتی ملازمین کیلئے روشن مثال ہیں،شکیل احمد/بنارس جدون

ہفتہ 28 نومبر 2020 19:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) سجن یونین بلدیہ جنوبی کے رہنمائوں شکیل احمد، بنارس جدون، سلیم سردار، الیاس جدون، عباس احمد، پھول محمد، شنکر لعل، عارف بھٹی نے کہا ہے کہ بلدیہ جنوبی صدر زون کے انسپکٹرز، سب انسپکٹرز کا یونین سرگرمیوں میں شریک ہونا خوش آئند ہے۔ اس سے سینیٹری ورکرز، مقدموں کے مسائل حل کرنے، تنخواہوں سے ناجائز کٹوتی اور غیر انسانی سلوک ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

سجن یونین 50 برسوں سے بلدیاتی ملازمین کی عزت نفس کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اقلیتی ملازمین کی عزت نفس کو بحال کروایا۔ مسیحی ملازمین کی اتوار کی چھٹی کا آغاز کروایا۔ کرسمس، ایسٹر، دیوالی، ہولی کی ایڈوانس تنخواہوں کا اجراء کروایا۔ مسلم اسٹاف کی طرح اقلیتی اسٹاف کی بھی تہوار پر دو چھٹیاں منظور کروائیں۔

(جاری ہے)

اقلیتی ملازمین کے پروموشن کو 1984 سے بحال کرکے انہیں مقدم، منشی، سب انسپکٹر، سینیٹری انسپکٹر، فوڈ انسپکٹر اور چیف سینیٹری انسپکٹرز تک پہنچایا۔

ڈرائیوری کرنے والے موٹر قلی، سینیٹری ورکرز کو چارٹر آف ڈیمانڈ کے ذریعے ڈرائیور کا پروموشن دلوایا۔ یونین میں جنرل سیکریٹری کی پوسٹ پر اقلیتی ملازمین کے نمائندوں کو منتخب کروانے کی ابتداء کی۔ بھنگی کے لفظ کا خاتمہ کرواکر سینیٹر ورکر، سوئپر کا لفظ استعمال کرنے کو قانونی حیثیت دی۔ سجن یونین کے کارنامے بلدیاتی ملازمین خصوصاً سینیٹیشن اسٹاف کیلئے روشن مثال ہیں۔

گلستان مزدور میں اقلیتی ملازمین کو قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹ دیئے گئے۔ اقلیتی بستیوں میں عبادت گاہیں بنوائی گئیں۔ اقلیتی بستیوں کو اپ گریڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ سینیٹیشن اسٹاف خصوصاً اقلیتی ملازمین کے مسائل پر سجن یونین کی طرح دیگر یونینز بھی کام کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سجن یونین نے کراچی میں صوبے بھر کے بلدیاتی ملازمین کے مطالبات کے حق میں دیئے گئے دھرنے کو تاریخی بنایا جس سے مخالفین خصوصاً سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے گروپوں اور تنظیموں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں اور یونین سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے جو کہ خوش آئند قدم ہے۔

اس سے ملازمین کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد و یکجہتی کی فضاء کو قائم رکھنے کیلئے میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے پلیٹ فارم سے اتحادی یونینز کی مشاورت سے سولڈ ویسٹ اور ڈی ایم سیز میں خدمت کا عمل جاری ہے۔ بعض افراد فیک نیوز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے الائنس کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ ایسے افراد کو جلد بمعہ شواہد بے نقاب کیا جائے گا۔ اب میٹھا میٹھا ہپ ہپ اور کڑوا کڑوا تھو تھو مزید نہیں چلے گا۔ ملازمین باشعور ہیں اور وہ لباس خضر مں راہزنوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں