تبدیلی سرکار نے غریب عوام کو تبدیلی کی جھوٹے نعروں میں الجھا کر انکے منہ کا نوالہ تک چھین لیا،عارف اعظم

جمعہ 15 جنوری 2021 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے سیکریٹری جنرل عارف اعظم نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے غریب عوام کو تبدیلی کی جھوٹے نعروں میں الجھا کر انکے منہ کا نوالہ تک چھین لیاجبکہ پیداہونے سے مرنے تک ہر کام اور ہر چیز پر ٹیکسزکے نفاذنے عوام کی چیخیں نکال دینے والے بیا ن کو سچ کر دکھایا۔ آفاق احمد کی رہائشگاہ پر کورنگی انڈسٹریل ایریا سے آئے صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے معاشی و اقتصادی پالیسیوں کو بہتر بنانے کے بجائے آئی ایم ایف اور دیگر ممالک سے قرضوں اور امداد کا آسان راستہ اختیار کر نا ملک کی سلامتی اور عزت داؤپر لگانے کے مترادف ہے،جسے کسی طور قبول نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

عارف اعظم نے کہاکہ آٹا ، گھی ، چینی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے بعدپیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ عوام دشمن اقدام ہے جسے مہاجر قومی موومنٹ یکسر مسترد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 5550ارب کی ٹیکسز وصولی کے ہد ف کو پورا کرنے کیلئے ملک کے چوروں اور لٹیرورںکو پکڑنے کے بجائے غریب آدمی کی گردن دبوجناانصاف کا خون ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 27ماہ میں ہونے والی حوشربا مہنگائی اور موجودہ اکنامک پالیسی کا جائزہ لیا جائے تو حکومتی نااہلی اور بدنیتی کا بخوبی اندازہ لگا یا جاسکتا ہے،بجٹ میں عوام پر مہنگائی بم گرانا تو اپنی جگہ بجٹ کے بعد سے مسلسل ہونے والا اضافہ عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔عارف اعظم نے کہا کہ دوسری جانب اگر ہم کراچی کے نام نہاد مسیحاؤں اور عوامی مینڈٹ رکھنے کے دعویداروں کی بات کریںتو وہ بھی موجودہ حکمرانوں کے گناہوں اور غریب عوام پر ظلم کے پہاڑ گرانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جب کہ عوام پر مہنگائی اور ناانصافی کے نشتر برسائے جارہے ہیں ایسے میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے اپنی ماضی کی رویش کو برقرار رکھتے ہوئے ذاتی مفادات اور وزارتوں کے مزے لوٹنے میں مگن ہیں جبکہ اختیارات کا رونا روتے ہوئے وزارتوں کے مزے لوٹنے کیلئے عوامی ضروریات کا گلا گھونٹ رہے ہیں

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں