اسلام آباد کے شبیر اقبال نے تیئسویں سندھ اوپن گولف چیمپیئن شپ جیت لی

قومی گولفر اور دفاعی چیمپیئن شبیر اقبال نے ٹورنامنٹ کے تینوں دن کھیل پر گرفت مضبوط رکھی

اتوار 23 جنوری 2022 20:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) سندھ گولف ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام تیئسویں سندھ اوپن گولف چیمپیئن شپ کا فائنل رائونڈ اتوارکے روز پی اے ایف ایئر مین گولف کلب کے خوبصورت کورس پر اختتام پذیر ہوگیا۔ اتوار کے روز پانچ انڈر پار کے ساتھ کھیل کا آغاز کرنے والے دفاعی چیمپیئن اسلام آباد کے شبیر اقبال نے لیڈر بورڈ پر اپنی برتری کو مزید مستحکم کرتے ہوئے آٹھ انڈر پار کے ساتھ اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا۔

شبیر کو 327875 کی انعامی رقم اور ٹرافی دی گئی۔ دوسری پوزیشن پر پشاور گولف کلب کے محمد نعیم ایک انڈر پار کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ایئر مین گولف کلب کے محمد اشفاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دوسری اور تیسری پوزیشن کی انعامی رقوم بالترتیب 215000 اور 139750 ادا کی گئیں۔

(جاری ہے)

ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے شبیر اقبال نے سندھ اوپن گولف جیتنے پر اللہ تعالٰی کا شکر ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے کیریئر کا 194 واں ٹائٹل ہے۔ پچھلے ہفتے رشید ڈی حبیب گولف ٹورنامنٹ میں ان سے کئی غلطیاں ہوئیں، تاہم اس بار وہ بہت محتاط ہو کے کھیلے اور فاتح بنے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اب ان کی نظریں مستقبل قریب میں ہونے والے پاکستان اوپن، چیف آف ایئر اسٹاف ٹورنامنٹ اور ڈی ایچ اے اوپن پر مرکوز ہیں۔ جونیئر پروفیشنل میں لاہور گیریزن کے محمد ثاقب چیمپیئن بنے جبکہ ملتان جمخانہ کے عبدل ودود اور ایئرمین گولف کلب کے نبیل خان مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

سینیئر پروفیشنل کیٹیگری میں طاہر نسیم نے چار اوور پار کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ محمد اکرم آٹھ اوور پار کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر پائے۔ دونوں گولفرز لاہور جمخانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایمیچر کیٹیگری کی پہلی پوزیشن لاہور جمخانہ کے سلمان جہانگیر کے نام رہی جبکہ کراچی گولف کلب کے یشال شاہ اور صائم شازلی دوسری اور تیسری پوزیشن پر رہے۔

ڈی ایچ اے کراچی سے تعلق رکھنے والے کم سن ایمیچیئر قومی چیمپیئن عمر خالد چوتھی پوزیشن حاصل کرسکے۔ سندھ گولف ایسوسی ایشن کے صدر خرم خان نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ''ٹورنامنٹ کے پہلے دو روز کھلاڑیوں نے گرد آلود تیز ہوائوں کے باوجود شاندار کارکردگی پیش کی۔ ہم پاکستان میں گولف کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

'' ٹورنامنٹ کے ریفری اور سندھ گولف ایسو سی ایشن کے سیکریٹری کرنل زاہد اقبال نے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے پر پی اے ایف ایئر مین گولف کلب کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فاتح کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور دیگر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ سالانہ سندھ اوپن گولف چیمپیئن شپ ایئر مین گولف کلب میں 21 سے 23 جنوری تک کھیلی گئی۔ چیمپیئن شپ کی مجموعی انعامی رقم تیس لاکھ روپے تھی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں