کراچی،سپرہائی وے پر ریسٹورنٹ میں 50 لاکھ کی ڈکیتی

4 ملزمان نے ریسٹورنٹ میں داخل ہوکر اسلحہ کے زور پر عملے کو یرغمال بنایا

پیر 23 مئی 2022 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) کراچی میں سپرہائی وے پر ایک ریسٹورینٹ سے 4 مسلح ملزمان 50 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔ریسٹورنٹ مالک کے مطابق ملزمان 50 لاکھ سے زائد کیش رقم لوٹ کر فرار ہوئے، 4 ملزمان نے ریسٹورنٹ میں داخل ہوکر اسلحہ کے زور پر عملے کو یرغمال بنایا۔ملازمین کو رسیوں سے باندھ کر ریسٹورنٹ میں توڑ پھوڑ بھی کی، ایک گھنٹہ لوٹ مار کے دوران ملزمان نے ریسٹورنٹ کے کئی دروازے بھی توڑ دیئے۔

واردات کی اطلاع ملتے ہی رینجرز کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، پولیس کے مطابق واردات کے وقت سیکیورٹی گارڈ موجود تھا مگر مبینہ طور پر اس نے مزاحمت نہیں کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی مختلف پہلوں سے تحقیقات کررہے ہیں، پولیس حکام کے مطابق ریسٹورنٹ میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب نہیں جبکہ مالکان کے مطابق ملزمان جاتے ہوئے سی سی ٹی وی ڈی وی آر بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔

(جاری ہے)

پولیس تفتیش کا دائرہ بڑھانے کیلئے اطراف سے فوٹیجز حاصل کر رہی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات کی تمام سیل صبح بینک میں جمع کرانے کے لیے لے جائی جانی تھی کہ ملزمان لوٹ کر لے گئے۔ابتدائی تخمینے کے مطابق رقم 40 لاکھ روپے سے زائد لگائی گئی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق اس واردات میں مبینہ طور پر گھر کے بھیدی کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں