کے الیکٹرک کی سوا تین کروڑ روپے کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں

لی مارکیٹ میں کے الیکٹرک کا عملہ کنڈے ہٹانے کے لیے پہنچا تو شہریوں نے عملے پر حملہ کر دیا اور تشدد کا نشانہ بنایا،کے الیکٹرک کی مذمت

جمعرات 28 مارچ 2024 15:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) عملے پر تشدد اور دفاتر پر احتجاج کے باوجود کے الیکٹرک نے بجلی چوری اور بل کی عدم ادائیگی پر کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔کے الیکٹرک کے مطابق دو مختلف علاقوں میں سوا تین کروڑ روپے کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں، ایف سی ایریا میں پی ڈبلیو ڈی کے صارفین پر 65 لاکھ روپے جب کہ لیاری کی لی مارکیٹ کے صارفین پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کے واجبات کی وجہ سے کارروائی کی گئی۔

پی ڈیلیو ڈی کے نادہندگان کے خلاف کارروائی میں مہینوں سے بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے کنکشنز بھی منقطع کر دیے گئے، کارروائی تمام قواعد و ضوابط کے تحت عمل میں لائی گئی۔ دوسری جانب لیاری کے علاقے لی مارکیٹ میں کے الیکٹرک کا عملہ کنڈے ہٹانے کے لیے پہنچا تو شہریوں نے عملے پر حملہ کر دیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے ایف آئی آر کا اندراج کیا جا چکا ہے، جب کہ حملہ آوروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق دونوں واقعات میں نادہندگان اور بجلی چوری کرنے والوں نے کے الیکٹرک کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا جو شدید قابل مذمت ہے، ترجمان نے کہا مفت بجلی کی فراہمی ممکن نہیں ہے، کے الیکٹرک کسی بھی دباو میں آئے بغیر قواعد و ضوابط کے مطابق نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں