ڈائریکٹرجنرل ادارہ ترقیات کراچی کی زیرصدارت پبلک ہاؤسنگ سکیم کے بورڈ کے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 18 اپریل 2024 17:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین کی زیرصدارت سوک سینٹر میں پبلک ہاؤسنگ سکیم کے بورڈ کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں چیف انجینئر طارق رفیع نے ڈی جی کے ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارہ ترقیات کراچی شہریوں کے لئے دو نئی پبلک ہاؤسنگ سکیمیں متعارف کروارہا ہے، جس سے کراچی کے شہریوں کو اچھی رہائش سہولیات میسر آئیں گی۔

کے ڈی اے پبلک ہاؤسنگ اسکیم کے تحت لیاقت آباد فیڈرل بی ایریا بلاک 1 اور کے ڈی اے اسکیم 1 کارساز پر پبلک ہاؤسنگ پراجیکٹ بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کو ہدایت دی کہ دونوں جگہوں کی سروے رپورٹ بنا کر آئندہ پبلک ہاؤسنگ بورڈ کے اجلاس میں پیش کریں اور ڈی پی اینڈ یو ڈی سے سائٹ پلان کی ویری فیکیشن کرائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈائریکڑ سٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کو احکامات دئیے کہ جو ملازمین و افسران وہاں رہائش پذیر ہیں انہیں مکانات خالی کرنے کے لئے نوٹس جاری کئے جائیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ جمیل بلوچ کو ہدایت دی کہ ان دونوں جگہوں پر جہاں بھی انکروچمنٹ ہے اس جگہ کو واگزار کیا جائے تاکہ پبلک ہاؤسنگ پروجیکٹ کی پلاننگ کی جاسکے۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر پبلک ہاؤسنگ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی بنائی گئی جو ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل سے کے ڈی اے کے بقایاجات کے علاوہ دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کرے گی۔

اجلاس میں چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع، ڈائریکٹر لینڈ محمد شاہد، پروجیکٹ ڈائریکٹر پبلک ہاؤسنگ محب اللہ جعفری، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ اربن ڈیزائن رفیق کھوڑو، ڈائریکٹر فنانس محمد کاشف صدیقی،ایڈیشنل ڈائریکٹر پبلک ہاؤسنگ محمد اجمل،ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ جمیل بلوچ،ڈی ڈی او فنانس محمد اسلم خان،متعلقہ سپریڈنٹ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز و دیگر افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں