لانڈھی خودکش دھماکے میں آنکھ ضائع ہوئی، زخمی راہگیر کی حکومت سے مدد کی اپیل

گھر میں رکھی ساری جمع پونجی میرے علاج پر ختم ہو گئی ہے ،حکومتی نمائندہ مدد کے لیے نہیں آیا ،زخمی راہ گیر

بدھ 1 مئی 2024 18:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) کراچی کے علاقے مانسہرہ کالونی میں ہونے والے خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والا راہ گیر سلمان تاحال حکومتی مدد کا منتظر ہے۔متاثرہ راہ گیر نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے حکومت سے مدد کی اپیل کر دی۔سلمان نے جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میں ایک پرائیویٹ کمپنی میں فائر فائٹر کی نوکری کرتا ہوں، مانسہرہ کالونی سے گزر رہا تھا کہ اچانک زوردار دھماکا ہوا اور میں زمین پر گر گیا۔

(جاری ہے)

زخمی راہ گیر نے کہاکہ 19 اپریل کے واقعے میں میری ایک آنکھ اور آنتوں کو نقصان پہنچا ہے، واقعے کے بعد ابتدائی علاج جناح اسپتال میں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ جناح اسپتال میں بہتر طبی سہولتیں نہ ملنے پر مجھے نجی اسپتال منتقل کیا گیا، گھر میں رکھی ساری جمع پونجی میرے علاج پر ختم ہو گئی۔زخمی راہ گیر نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان، گورنر سندھ اور مخیر افراد سے گزارش ہے کہ میرا علاج کرائیں، واقعے کے بعد سے اب تک کوئی حکومتی نمائندہ ہماری مدد کو نہیں آیا۔واضح رہے کہ 19 اپریل کی صبح لانڈھی میں غیر ملکیوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا تھا۔دھماکے اور فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق، راہگیر اور گارڈ زخمی ہوئے تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں