مزدور اولڈ ایج بینیفٹ اور سوشل سیکیوریٹی کی سہولت سے محروم

12 بارہ گھنٹے کی جبری مشقت ،تنخواہ وقت پر نہ دینا معمول بن چکاہے، عادل جارج مٹو

بدھ 1 مئی 2024 18:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل ( سی آر ڈی سی)کے زیر اہتمام یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر شکاگو کے شہید مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کارکنوں کا اجلاس عام کشمیر کالونی میں منعقد ہوا، اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل عادل جارج مٹو نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں مسیحی جفاکشوں کا خون پسینہ شامل ہے، آج کا پاکستانی مزدور سرمایہ دارانہ نظام کے بے رحمانہ شکنجوں میں بری طرح جکڑا ہوا ہے اور مقامی سرمایہ کاروں کے مکرو فریب سے پریشان ہے، آج صنعتی مزدوروں سے 12 بارہ گھنٹے کی جبری مشقت لی جارہی ہے، تنخواہ وقت پر نہیں دی جاتی، اجرت سے غیر ضروری جبری کٹوتیاں اور سرکار کے وضع کردہ مراعات سے محروم رکھنا معمول بن چکا ہے، آج کے پاکستانی مزدوروں کواولڈ ایج بینیفٹ اور سوشل سیکیوریٹی کی سہولت سے بھی محروم کردیا گیا ہے، حکمران ٹولے کی چشم پوشی اور بیورو کریسی کی آشیر باد سے مزدوروں کے حقوق سلب کیے جارہے ہیں، عادل جارج مٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کے مزدور سوا سو سال گزرنے کے بعد بھی شکاگو کے شہداء کے مقاصد کے حصول میں بری طرح ناکام رہے ہیں، کارکنوں کے اجلاس میں سیسی اور ای او بی آئی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عادل جارج مٹو نے کہا کہ ان اداروں میں رشوت کا بازار گرم ہے اور لاکھوں روپے رشوت کے عوض صنعتی، تعلیمی اور دیگر اداروں کے ملازمین کو پینشن اور سوشل سیکیوریٹی کی سہولت سے محروم رکھا گیا ہے، اجلاس میںایک قرارداد کے سیسی اور ای او بی آئی کے بورڈ میں موجود مزدور نمائندوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی برطرفی اور سندھ کے بلدیاتی اداروں میںکورونا وباء کے بعد ملازمین کے ختم کیے جانے والے مراعات کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں