پنشن واجبات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کرنے کے لیے کے ایم سی محکمہ فنانس نے ٹی ایم سیز کے عملے کوٹریننگ کیلیے طلب کرلیا

اتوار 28 اپریل 2024 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) کے ایم سی اور ٹی ایم سیز کے درمیان ریٹائر ووفات پاجانے والے ملازمین کے واجبات اور پینشنری بینفٹ کی ادائیگی کے سلسلے میں زیر التوا کیسز کا جلد ازجلد فیصلہ کرکے ریٹائر و وفات پاجانے والے ملازمین کے پینشنری مسائل حل کیے جائیں۔ان خیالات کا اظہار سجن یونین سی بی اے کے ایم سی کے مرکزی صدر سیدذوالفقارشاہ نے فنانشل ایڈوائزر کے ایم سی نایاب سعید سے ایک ہفتے میں ہونے والی دوسری ملاقات کے دوران کیا۔

سیدذوالفقارشاہ نے اس موقع پر 16 اکتوبر سے ٹی ایم سیز کے ریٹائر ووفات پاجانے والے ملازمین کے واجبات اور پینشن کیسز کو نہ ہی کے ایم سی اور نہ ٹی ایم سیز کی سطح پر لینے کے سلسلے میں حتمی تاریخ کا تعین کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایم سیز میں پینشن کمیٹیشن کا محکمہ نہ ہونے اور نہ ہی ان کیسز کیلیے ڈیلنگ اسٹاف ہونے سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

(جاری ہے)

لہذا ان کیسز کے سلسلے میں حتمی تاریخ (کٹ آف ڈیٹ) کا تعین کیا جائے اور پہلے سے موجود 23 ہزار پینشنرز کو بھی کے ایم سی کا حصہ رکھا جائے۔فنانشل ایڈوائزر نایاب سعید نے کہا کہ انہوں نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے تمام شعبوں کے افسران سے اس سلسلے میں بات چیت کی ہے اور حتمی تاریخ کا تعین اگر لوکل گورنمنٹ کی سطح پر کیا جائے تو سب اداروں کے لیے قابل قبول ہوگا۔

البتہ کے ایم سی تمام ٹی ایم سیز میں پینشن اور واجبات کے شعبے کے قیام کیلیے اسٹاف کو ٹریننگ کا سلسلہ پیر سے شروع کیاجارہا ہے۔ تاکہ آئندہ پینشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی متعلقہ ٹی ایم سیز سے کی جاسکے۔انہوں نے پینشن کیسز کی تیاری میں تاخیر اور کرپشن کے خاتمے کے لیے یونین سے انتظامیہ کی مدد کرنے کی درخواست کی تاکہ پینشن کیسز کی تاخیر اور کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوسکے اور ترتیب ریٹائرمنٹ اور تاریخ وفات سے ادائیگی کی جاسکے۔

سید ذوالفقار شاہ نے انہیں اپنی یونین کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر فنانس کے افسران اور سجن یونین کے رہنما عباس احمد،محمد نذیر بھی ہمراہ موجود تھے۔فنانشل ایڈوائزر نے 12 ارب کے واجبات کی ادائیگی کے لیے ایک بار عدالتی احکامات پر میئر کراچی کی جانب سے وزیراعلی سندھ کی گزشتہ برس اگست میں منظور کردہ 2 ارب 70 کروڑ کی سمری کی منظوری پر فائل دوبارہ لوکل گورنمنٹ کے توسط سے روانہ کرنے سے آگاہ کیا۔جس پر سید ذوالفقار شاہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔اور انہیں 30 اپریل کو پینشنرز یکجہتی ریلی کے ایم سی آفس کے سامنے کرنے سے تحریری طور پر آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں