بائیومیٹرک حاضری کے ذریعہ ہی کے ڈی اے کے افسران و ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہوگی، ڈی جی ادارہ ترقیات کراچی

منگل 30 اپریل 2024 18:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی واضح ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے آئندہ بائیومیٹرک حاضری کے ذریعہ ہی افسران و ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہوگی، لہذا دفتری اوقات (صبح 9 تا شام 5 بجے)میں حاضری کو یقینی بنانے کے ساتھ افسران و ملازمین مسلسل غیر حاضری کی روایت قائم نہ کریں، متعلقہ شعبہ جاتی افسران اپنے دفتر میں تمام افسران و ملازمین کی حاضری اور وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں، بصورت دیگرمذکورہ ڈائریکٹر کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیرصدارت سوک سینٹر میں منعقدہ اجلاس میں ادارے کے افسران و ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ادارہ ترقیات کراچی کے انتظامی و مالی امور میں بہتری کے لئے مختلف تجاویز و آرا پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نے ڈائریکٹر آئی ٹی کمال صدیقی کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم کو مستقل بنیادوں پر فعال رکھا جائے۔

ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ ارشد عباس اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جمیل بلوچ کو تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے اور قابضین کے خلاف آپریشن میں حائل رکاوٹوں کافوری طور پر خاتمہ کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ انہوں نے افسران کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ لا آفیسرز کے ساتھ مضبوط روابط قائم کریں اور عدالتوں میں رپورٹ جمع کرانے کے ساتھ ساتھ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔

ڈی جی کے ڈی اے نے کے ڈی اے اسکیموں و ٹائون شپس میں رہائشی پلاٹس کو کمرشل کے طور پر استعمال کرنے کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ ایسے پلاٹوں کی نشاندہی کرکے جلد ازجلد رپورٹ پیش کی جائے۔ بعدازاں ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر پارکس کو ہدایت کی کہ کے ڈی اے ٹائون شپس و اسکیموں میں قائم غیر قانونی نرسریوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ غیر قانونی نرسریاں قائم نہ ہوں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں