ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی نے این ای ڈی یونیورسٹی میں ڈسٹرکٹ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کر دیا

منگل 30 اپریل 2024 19:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ڈسٹرکٹ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کر دیا۔منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی نے کہاکہ کراچی یونیورسٹی میں فوڈ ٹیسٹنگ لیب کا کامیاب ماڈل قائم کردیا گیا ہے۔

سندھ کی8جامعات میں اس ماڈل کی طرز پر فوڈ سائنسز کے شعبے میں لیب قائم کی جارہی ہیں جس سے طلبا کو پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ اس موقع پرسندھ فوڈ اتھارٹی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر بھی دستخط کئے گئے ۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین اور این ای ڈی یونیورسٹی کی جانب سے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ لیب کے قیام کا مقصد سینئر فیکلٹی کی نگرانی میں طلباء کےلئے فوڈ پروڈکٹس کی جانچ اور تجربات کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی لیبز کے قیام کا مقصد سندھ فوڈ اتھارٹی اور پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی جامعات کے فوڈ سائنسز اور ٹیکنالوجی شعبوں کے درمیان تعاون اور ترقی کا ایک طویل مدتی فریم ورک تیار کرنا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں