جامعہ کراچی میں جاپانی زبان اور آئی ٹی کے کو رسزمکمل کرنے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم

منگل 30 اپریل 2024 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) جامعہ کراچی میں جاپانی زبان اور آئی ٹی کے کو رسزمکمل کرنے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب منگل کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کی۔جاری اعلامیہ کے مطابق حال ہی میں جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اور جاپانی کمپنی پلس ڈبلیو کے مابین مفاہمتی یا دداشت پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت طے پایا تھا کہ جاپانی کمپنی جامعہ کراچی کے طلبہ کو جاپانی بزنس لینگویج سکھانے کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت،ڈیٹا سائنس،بگ ڈیٹا، بلاک چین،مشین لرننگ اور دیگر جدید ٹیکنالوجی پر تین ماہ کے سرٹیفیکیٹ کورسز کا تواتر کے ساتھ انعقاد کرے گی۔

تقریب کے دوران ڈیٹا سائنس اور جاپانی زبان کے کورس مکمل کرنے والے طلبہ نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ کورسز ان کےلئے کافی سود مند ثابت ہوئے اور ان کو بہت کچھ سیکھنے اور سمجھنے کو ملا۔

(جاری ہے)

طلبہ نے اُمید ظاہر کی کہ وہ اپنے صلاحیتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جاپانی آئی ٹی مارکیٹ میں اپنا مقام بنا سکیں گے۔

اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کو ان کورسز سے بہت فائدہ ہوگا اور وہ جاپانی بزنس کمیونٹی میں اپنے ہنر کو آزما سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے طلبہ بہت ذہین ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کےلئے نصاب کو جدید خطوط پر آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ملکی وغیر ملکی جامعات اور انڈسٹری کے تجربات وتحقیق سے بھی آگاہ کیا جاتا رہے اور ان کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرسکیں۔

اس موقع پر پروجیکٹ کے فوکل پرسن ڈاکٹر ندیم محمود نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذ کورہ کورس میں فزیکل اور آن لائن کلاسز دونوں شامل تھیں اور طلبہ کو کیس اسٹڈیز کے ساتھ ساتھ مختلف پریکٹیکل اور پروجیکٹ بھی کروائے گئے۔سرٹیفیکیٹ تفویض کرنے کی تقریب میں ڈائریکٹر اوریک ڈاکٹرسیدہ حورالعین،ڈاکٹر سید عاصم علی، ڈاکٹر فرحان احمد صدیقی، مکیش کمارودیگر شامل تھے جبکہ پلس ڈبلیو کے نائب صدر تاکاشی ہوریوچی،حافظ محمد عمیر،محمد طلحہٰ اور نمرہ قمبرانی نے آن لائن شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ کو پلس ڈبلیو کے ذریعے جاپانی کمپنیوں سے متعارف کروایا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں