ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وفد کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات

سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار،ترجمان ایم کیو ایمایم کیو ایم پاکستان خصوصا سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر سطح پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے،ترجمان ایم کیو ایم

بدھ 1 مئی 2024 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وفد نے صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری سے وزیر اعلیٰ ہاوس میں ملاقات کی۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد میں سید مصطفی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار شامل تھے جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

ملاقات میں ملک کے موجودہ سیاسی و معاشی بحران اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ ایم کیو ایم کے وفد کا سندھ خصوصا کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر صدر مملکت سے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور وفد کی جانب سے اسٹریٹ کرائم میں لوگوں کی قیمتی جان و مال کے ضیاع پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت سے کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان خصوصا سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر سطح پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں