نشوہ اورعصمت کیس؛ اقرا عزیزمعاشرے کی بے حسی پرچلا اٹھیں

خدا نشوہ اورعصمت کی مغفرت فرمائے اور ہم جیسے جانوروں کو انسانیت دے‘اقرا عزیز کی ٹوئٹ

بدھ 24 اپریل 2019 12:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) نامورپاکستانی اداکارہ اقرا عزیز ننھی نشوہ اورعصمت کی سفاکانہ موت کو غیر سنجیدہ کہنے والوں اوردو معصوم جانوں کی ہلاکت پربے حسی کا مظاہرہ کرنے والوں پر بھڑک اٹھیں۔کراچی میں حال ہی میں رونما ہونے والے دو واقعات جن میں ایک غلط انجیکشن لگنے سے ننھی نشوہ کی موت اوردوسرا واقعہ 25 سالہ عصمت کا ہے جسے ڈاکٹرسمیت اسپتال کے عملے نے درندگی کانشانہ بناکرزہر کا انجیکشن دے کرقتل کردیا، ان دونوں واقعات نے پورے پاکستان کو جھنجھوڑ کردکھ دیا ہے۔

اداکارہ اقرا عزیز نے ان دونوں واقعات پر افسوس اورغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خدا نشوہ اورعصمت کی مغفرت فرمائے اورہم جیسے جانوروں کو انسانیت دے۔اقرا کے اس ٹوئٹ پرایک سوشل میڈیا صارف نے اقرا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کو زیادہ سنجیدگی سے نہ لیں۔

(جاری ہے)

عمیر نامی اس شخص کی ٹوئٹ نے اٴْن تمام بے حس لوگوں کی ترجمانی کی ہے جو ملک میں ہونے والے سفاکانہ واقعات پر نہ تو آواز اٹھاتے ہیں اورنہ انہیں غلط کہتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی ان واقعات کو سنجیدگی سے نہ لینے کی صلاح دیتے ہیں۔

تاہم اقرا نے اس شخص کونہایت غیرسنجیدہ تبصرہ کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا آسان ہے کہ اللہ بہتر کرے گا یا ان واقعات کو سنجیدگی سے نہ لیں لیکن کیا آپ اس وقت کا انتظارکررہے ہیں جب یہ سب آپ کی ماں، بہن، بیوی اوربیٹی کے ساتھ ہوگا اور جب وہ اس طرح کے حالات سے گزریں گی اس وقت آپ ان واقعات کو سنجیدگی سے لیں گے۔واضح رہے کہ اقرا کے ساتھ شوبزکے دیگر فنکاروں نے بھی نشوہ اور عصمت کے ساتھ ہونے والی درندگی اور مجرمانہ فعل کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے وزیراعظم سیمجرموں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں