جس ملک کا وزیراعظم بھی کوشش کرے اور کام نہ ہو تو سمجھ لو یہ بہت آگے کی بات ہے، راشد لطیف

نیوزی لینڈ کی واپسی اور انگلینڈ کے انکارکے بعد پاکستان کی کرکٹ بہت پیچھے چلی گئی ہے، سابق کپتان قومی ٹیم

بدھ 22 ستمبر 2021 23:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ جس ملک کا وزیراعظم بھی کوشش کرے اور کام نہ ہو تو سمجھ لو کہ یہ بہت آگے کی بات ہے۔لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور ہیڈ کوچ عاقب جاوید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کپتان قومی ٹیم راشد لطیف نے کہا کہ لاہور قلندرز نے اندرون سندھ بھی کیمپ لگائے، اگر کوئی اچھا کام کرے گا تو ہم ساتھ کھڑے ہیں، سندھ سے بے پناہ ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، شاہ نواز دھانی، زاہد محمود اور نعمان علی اپنی مدد آپ کے تحت سامنے آئے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے راشد لطیف کا کہنا تھا نیوزی لینڈ کی واپسی اور انگلینڈ کے انکارکے بعد پاکستان کی کرکٹ بہت پیچھے چلی گئی ہے، جس ملک کا وزیراعظم بھی کوشش کرے اور کام نہ ہو تو سمجھ لیں یہ بہت آگے کی بات ہے۔انہوںنے کہاکہ لاہور قلندرز کا ہائی پرفارمنس سینٹر پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹر سے بہترہے، اسلام آباد میں ایسا ہی ایک سینٹر بنانے پر کام کر رہا ہوں۔راشد لطیف نے کہاکہ نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لیے گراؤنڈ بنانے ہوں گے، اب بھی وہی گراؤنڈز ہیں جو ماضی میں تھے، دنیا کہاں سے کہاں چلی گئی ہم صرف باتیں کرتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں