48 ویں پاکستان اوپن گولف چیمپیئن شپ کے دوسرے دن بھی وحید بلوچ سرِ فہرست

ہفتہ 29 جنوری 2022 00:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2022ء) 48ویں پاکستان اوپن گولف چیمپئن شپ کا دوسرا رائونڈ کراچی گولف کلب میں جمعہ کے دن کھیلا گیا۔ پروفیشنلز اور ایمیچئرز کی مشترکہ کیٹگری میں کراچی گولف کلب کے وحید بلوچ دوسرے دن کے اختتام پر سات انڈر پار کے ساتھ سرِ فہرست رہے۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے دفاعی چیمپئن شبیر اقبال پانچ انڈر پار کے ساتھ وحید کا تعاقب کر رہے ہیں۔

احمد بیگ اور انصر محمود چار انڈر پار کے مشترکہ اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ایمیچئر عمر خالد پروفیشنلز کے درمیان مقابلہ کرتے ہوئے تین اوور پار کے ساتھ 29ویں پوزیشن پر ہیں۔ ان کے ساتھی عمر کھوکھر پانچ اوور پار کے ساتھ 40ویں پوزیشن پر ہیں۔ آج جونیئر پروفیشنلز کیٹگری کے پہلے دن 16 گولفرز نے کھیل میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

پی جی سی کے محمد ساحل 73 ون اوور پار کے ساتھ پہلے اور ایل جی جی کے محمد ثاقب 76 اوور پار کے ساتھ ان کا تعاقب کر رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر کرنل زاہد اقبال نے کہا، '' 48 ویں پاکستان اوپن گالف کا مقابلہ جیتنے کے لیے ملک بھر سے آئے ہوئے گولفرز کراچی گولف کلب کے بہترین سبزے پر جارحانہ کھیل پیش کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑی کراچی کے خوشگوار موسم اور واضح حدِ نگاہ کے ساتھ کھیل سے لطف اندوز بھی ہورہے ہیں۔'' حال ہی میں گیارہویں رشید ڈی حبیب کی ٹرافی جیتنے والے کراچی گولف کلب کے ہی وحید بلوچ نے خود کو دفاعی چیمپئن شبیر کے لیے مشکل حریف ثابت کیا ہے۔ پاکستان گولف ایسوسی ایشن کے کیلینڈر پر اہم ترین پاکستان اوپن گولف چیمپئن شپ کی مجموعی انعامی رقم دس ملیئن روپے ہے۔ اس کے علاوہ سب سے پہلا ہول اِن ون کرنے والے خوش نصیب گولفر کے لیے دبئی کا ٹکٹ بطور انعام رکھا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں