وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات ‘کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاواکا قصور کا دورہ

منگل 12 مارچ 2024 20:08

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات ‘کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاواکا قصور کا دورہ
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاواکا قصور کا دورہ‘مصطفی آبادمیں نگہبان رمضان پیکج کی گھر کی دہلیز پر تقسیم‘صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری کاموں ‘گورنمنٹ ہائی سکول میں شجرکاری ‘تدریسی عمل ‘بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں طبی سہولیات ‘نگہبان رمضان پیکج کے راشن کی پیکنگ ‘رمضان ماڈل بازار میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی و قیمتوں کاجائزہ لیا ‘ڈی سی کمیٹی روم میں مختلف محکموں کی کارکردگی کے حوالے جائزہ اجلاس کی صدارت کی ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی ، ایڈیشنل کمشنر لاہور عبدالسلام عارف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رانا موسیٰ طاہر ، اسسٹنٹ کمشنر قصور رضوان الحق پوری ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد طلحہ خان شیروانی ، سی ای او ایجو کیشن ملک محمد انور سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا نے مصطفی آباد دورہ کے موقع پر مختلف علاقوں میں رمضان نگہبان پیکج کی گھر کی دہلیز پر فراہمی کا جائزہ لیا ۔

کمشنر لاہور نے مستحقین کے ڈیٹامطابق شناختی کارڈ اور کیو آر کوڈ سکین کر کے لوگوں کی دہلیز پر راشن تقسیم کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے مختلف علاقوں میں صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی ستھرائی ، بیوٹیفکیشن و دیگر کاموں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے علاقہ مکینوں سے صفائی ستھرائی اور میونسپل سروسز کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے گورنمنٹ ہائی سکول مصطفی آباد کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر موسم بہار کی شجر کاری کی اور مختلف کلاس رومز میں جا کر تدریس کے عمل کاجائزہ لیا ۔

بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال دورہ کے دوران کمشنر نے آئوٹ ڈور ، بچگانہ وارڈ ، میڈیکل وارڈ ، میڈیسن سٹور ، ایمرجنسی ، ایکسرے روم ، الٹراسائونڈ روم ، سی ٹی سکین مشین سمیت دیگر حصوں میں صفائی ستھرائی ، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری اور شہریوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور مریضوں سے فراہم کر دہ سہولیات بارے دریافت کیا ۔

کمشنر نے رمضان ماڈل بازار کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی ، کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے خریداری کیلئے آنے والے شہریوں سے مختلف پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں بارے دریافت کیا ۔ کمشنر نے نگہبان رمضان پیکج کی پیکنگ کیلئے قائم ویئر ہائوس کا بھی دورہ کیا ۔چینی ، چاول ، گھی ، بیسن ، آٹا کی کوالٹی کا جائزہ لیا اور مختلف اشیاء کی پیکنگ کا وزن بھی چیک کیا ۔

بعدازاں کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھا وا نے ڈی سی کمیٹی روم میں ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی ۔ کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایات پر رمضان پیکج کے تحت راشن مستحقین کے گھروں کی دہلیز پر پہنچایا جا رہا ہے ۔ صاف ستھرا پنجاب پروگرام کیلئے ضلعی انتظامیہ قصور نے بہترین کام کیا ہے ۔

قصور کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عام مارکیٹوں پر فوکس کریں قیمتوں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ قصور کے رمضان ماڈل بازار میں ایگری کلچر فیئر شاپس اور لائیو سٹاک شاپس قائم ہو چکی ہیں ۔ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت ایکشن لئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض کو دیانتداری سے سرانجام دیں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں