گھریلو ملازمہ فاطمہ قتل کیس،پیر فیاض شاہ کو گرفتار کر لیا گیا

ملزم کو پریس کانفرنس کے بعد حویلی جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا،لڑکی پر تشدد نہیں کیا اس کی موت طبعی تھی،گرفتاری سے قبل فیاض شاہ کی پریس کانفرنس

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 22 ستمبر 2023 14:31

گھریلو ملازمہ فاطمہ قتل کیس،پیر فیاض شاہ کو گرفتار کر لیا گیا
خیر پور ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 22 ستمبر 2023ء) پیر فیاض شاہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گھریلو ملازمہ فاطمہ قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پولیس نے نامزد ملزم پیر فیاض شاہ کو رانی پور سے گرفتار کر لیا،ملزم کو پریس کانفرنس کے بعد حویلی جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فیاض شاہ کو گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

گرفتاری سے قبل پیر فیاض شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ ذہین اور اچھی لڑکی تھی،اس کی موت کا ہمیں بہت دکھ ہے۔ فاطمہ کو قتل نہیں کیا،اسد شاہ سمیت تمام خاندان کے افراد بے گناہ ہیں۔ ملزم نے بتایا کہ لڑکی پر تشدد نہیں کیا اس کی موت طبعی ہوئی تھی،فاطمہ کے لواحقین سیاسی افراد کے کہنے پر ہم پر الزامات لگا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

رانی پور درگاہ کو سیاسی طور ہدف بنایا گیا اور الزامات لگائے گئے۔

پیر فیاض شاہ نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ اور دیگر ادارے شفاف تحقیقات کرائیں۔ یاد رہے کہ دو روز قبل پیر فیاض شاہ نے سندھ ہائیکورٹ حیدر آباد بینچ سے ضمانت حاصل کی تھی۔ 18 ستمبر کو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رانی پور درگاہ کے گدی نشین پیر سورج دستگیر کے بھائی شاہ زیب شاہ کو بھی گرفتار کیا تھا۔ جبکہ فاطمہ قتل کیس میں تیسری بار تفتیشی افسر تبدیل کیا گیا اور تحقیقات ایس پی سی ٹی ڈی کو سونپ گئی۔

عدالت کی جانب سے عدم اطمینان پر تفتیشی افسر کو ہٹا کر کیس ڈی ایس پی صفی اللہ کے حوالے کیا گیا تاہم فاطمہ کے والدین نے اس تبدیلی پراعتراض اٹھایا تھا۔ لڑکی کی والدہ نے کہا کہ پولیس ملزمہ حنا شاہ اور ملزم پیر فیاض شاہ کو گرفتار کیوں نہیں کر رہی؟ انصاف نہ ملا توانتہائی اقدام اٹھانے پرمجبور ہو جائیں گے،جس پر ڈی آئی جی سکھر عبدالحمیدکھوسو نے فاطمہ کے والدین کوہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں