بجلی کے ظالمانہ بل ، پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ : آج ملک گیر ہڑتال ہو گی ،محمد حسین محنتی

جمعہ 1 ستمبر 2023 22:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2023ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بجلی کے ظالمانہ بل ، ٹیکسوں کی بھر مار اور پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے عوام دشمن فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی کی اپیل پر کراچی و اندرون سندھ سمیت ملک بھر میں ہفتہ 2ستمبر کو پُر امن اور بھر پور ہڑتال ہو گی ۔ ملک بھر کے عوام اور تاجر برادری سمیت تمام طبقات کے لوگ حکمرانوں سے اپنا حق لینے کے لیے ملک گیر ہڑتال کا حصہ بنیں گے ۔

حکومت آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدے ختم کرے ، آئی ایم ایف سے معاہدے پر نظر ثانی کرے ، بجلی و پیٹرول کی قیمتیں کم کریں ، سرکاری افسران ، اعلیٰ حکومتی عہدیداران کو مفت بجلی اور پیٹرول دینا بند کرے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ارباب ِ اختیار سن لیں ، ہم ملک میں انارکی نہیں چاہتے لیکن اگر پُر امن ہڑتال کو روکنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی ، جماعت اسلامی کی ہڑتال ماضی کی طرح جلائو گھیرائو اور انسانوں کے قتل کی ہڑتال نہیں ہوگی ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم نے کراچی میں مسائل کے حل اور کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے کبھی کوئی ہڑتال نہیں کی ۔ عوام کے مسائل حل نہ ہوئے اور کراچی کے عوام کو ان کا جائز اور قانونی حق نہ ملا تو اگلہ مرحلہ گورنر ہائوس پر دھرنا ہو گا ،جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان ، نائب امراء راجہ عارف سلطان ،محمد اسحاق خان ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈزاینڈ کاٹیج انڈسٹری کے صدر محمود حامد ،کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے انچارج عمران شاہد ، سینئر ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمدبھی موجود تھے ۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ بجلی کے ظالمانہ بلوں ، پیٹرول کی قیمتوں میں بار بار اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی مشکل سے مشکل تر بنا دی ہے ، ملک بھر میں لوگ سراپا احتجاج ہیں اور جگہ جگہ مظاہرے کر رہے ہیں ، بجلی کے بل جلا رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکمران اپنی عیاشیاں ختم کریں ، جن لوگوں نے ائی ایم ایف سے قرضے لیے ہیں ان کو پکڑا جائے ، عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے ، انہوں نے کہا کہ دو سال قبل بجلی کا یونٹ 12روپے تھا جو آج 50روپے فی یونٹ ہوگیا ہے ۔

پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخی کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر 300روپے سے زائد ہو گئی ہے ۔ حکمرانوں نے ملک اور قوم کی آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے ، نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملکی کرنسی دن بدن تنزلی کا شکار ہے ، اس سنگین معاشی صورتحال اور بد حالی کی ذمہ داری نواز لیگ ، پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی سمیت تمام حکمران پارٹیوں اور حکومتوں پر عائد ہو تی ہے ۔

عوام کو ان حکمران پارٹیوں کو اور ان لوگوں کو جو چہرے اور پارٹیاں بدل بدل کر حکومت کرتے ہیں ‘ سے نجات حاصل کرنی ہوگی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج (ہفتہ2ستمبر کو) ہر صورت ہڑتال ہو گی ۔ عوام اور تاجر پُر امن ہڑتال کر کے آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں اور حکمران پارٹیوں کے خلاف بھر پور احتجاج کریں گے ۔ پُر امن اور بھر پور ہڑتال کے باعث حکمرانوں کو نوشتہ دیوار پڑھنا ہو گا ۔

عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے اقدامات نہ کیے گئے تو حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے ، بجلی کے بلوں اور پیٹرول کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے ، صرف عوام پر نہیں بلکہ وڈیروں اور جاگیرداروں اور مراعات یافتہ طبقات پر بھی ٹیکس لگایا جائے ۔ اعلیٰ افسران اور حکومتی عہدیداران کو مفت بجلی اور پیٹرول کی فراہمی بند کی جائے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ کوئی پارٹی عوام کی ترجمانی نہیں کر رہی بلکہ سب کو اپنے ذاتی و سیاسی مفادات اور اقتدار میں اپنا حصہ عزیز ہے ۔ عوام کے مسائل اور مشکلات کی کسی کو کوئی فکر نہیں ، ایم کیو ایم نے پہلے تاجروں سے رابطہ کر کے ہڑتال ختم کرنے کی بات کی اور دوسری طرف کے الیکٹرک کے افسران سے ملاقات کی ۔

ایم کیو ایم حکمرانوں اور کے الیکٹرک کے عوام دشمن ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ۔ لوگوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں ، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم کہتے ہیں کہ صورتحال کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا جا رہا ہے اب اتنی بھی مہنگائی نہیں ہوئی ۔نگراں وزیر اعظم کو بھی عوام نہیں بلکہ اپنے اقتدار کی فکر ہے ۔ وہ بہت اچھی اور دانشوارانہ باتیں کرتے ہیں لیکن ان باتوں اور زبانی جمع خرچ سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔

دریں اثناء ظالمانہ بلوں اور ٹیکسوں اور پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک اور 2ستمبر کی ہڑتال کے سلسلے میں جمعہ کو بھی شہر بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہا ۔ جماعت اسلامی کے تحت نوجوانوں نے مختلف رہائشی علاقوں میں ریلیاں نکالی،درجنوں مقامات پر کارنر میٹنگز کی گئیں ، اہم شاہرائوں ، مارکیٹوں اور بازاروں میں موبائل پبلیسٹی کی گئی اور رہائشی علاقوں ، بازاروں اور مساجد کے باہر ہزاروں کی تعداد میں 2ستمبر کی ہڑتال کے ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے گئے ۔

ہر مکتبہ فکر اور طبقے کی جانب سے جماعت اسلامی کی جدو جہد اور کوششوں کو سراہا گیا اور 2ستمبر کی ہڑتال کو درست اور بروقت قرار دیا گیا ۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے مقامی رہنمائوں وذمہ داران نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز ، مارکیٹوں اور بازاروں میں دکانداروں اور تاجر تنظیموں کے عہدیدارا ن سے ملاقاتیں کیں اور ان سے 2 ستمبر کی ملک گیر ہڑتال میں شرکت کی اپیل کی ۔ تاجروں اور دکانداروں کی جانب سے جماعت اسلامی کی ہڑتال اور بجلی کے ظالمانہ بلوں اور ٹیکسوں کے خلاف جدو جہد ی مکمل حمائت اور اور تائید کی گئی ۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں