(پرسوں) خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کیلئے سخت انتظامات

اٴْمیدواروں سمیت امتحانی عملہ ، ڈیوٹی پر موجودپولیس اہلکاروں موبائل استعمال کرنے کی مکمل پابندی

جمعہ 24 نومبر 2023 22:59

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2023ء) کوہاٹ سمیت صوبہ خیبرپختونخوا کے سات بڑے شہروں میں (پرسوں) اتوار کوخیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)کے زیر اہتمام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمشن ٹیسٹ(ایم ڈی کیٹ) کے انعقاد کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جہاں اٴْمیدواروں سمیت امتحانی عملہ اور ڈیوٹی پر موجودپولیس اہلکاروں پربھی موبائل استعمال کرنے کی مکمل پابندی ہوگی۔

تمام متعلقہ اضلاع میں مقامی انتظامیہ نے پہلے ہی دفعہ144 کا نفاذ کیا ہے جبکہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) نے پشاور، مردان، ایبٹ آباد،سوات، چکدرہ اورڈیرہ اسماعیل خان میں مجموعی طور پر دس امتحانی مراکز اسلامیہ کالجیٹ گراونڈ پشاور، ہاسٹل نمبر 2گراؤنڈ پشاور یونیورسٹی، پاکستان فارسٹ انسٹی ٹیوٹ گراؤنڈ پشاور، یونیورسٹی پبلک سکول بالمقابل پشاور یونیورسٹی، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( آئی ایم ایس )کوہاٹ، گومل میڈیکل کالج ڈی آئی خان، ایوب میڈیکل کالج ایبٹ اباد، یونیورسٹی آف ملاکنڈ چکدرہ اور یونیورسٹی آف سوات چارباغ قائم کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان امتحانی مراکز میں اٴْمیدواروں کو خالی ہاتھ اور خالی جیب کے داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ تمام متعلقہ اور ضروری اشیاء بشمول قلم، کلپ بورڈ ‘ جوس اور بسکٹ متعلقہ امتحانی مراکز میں فراہم کی جائیں گی۔اٴْمیدواروں کو موبائل فون، اسمارٹ ڈیجیٹل گھڑیاں، کیمرے، ہیڈ فون، بلوٹوتھ، قلم، پنسل، کلپ بورڈ، ربڑ، شارپنر، کیلکولیٹر، کتابیں یا نوٹ، بیگ، پرس، پاؤچ، دھاتی قلم، کریڈٹ کارڈ، بینک اے ٹی ایم کارڈ کو امتحانی مرکز میں لیجانے کی بالکل اجازت نہیں ہوگی۔

اگر کسی کے پاس امتحانی مرکز کے اندرموبائل فون یا الیکٹرانک ڈیوائس برآمد ہوا یا امتحان کے دوران استعمال ہونے والا کوئی اور غیر قانونی آلہ برآمد ہوا تو اسے امتحانی مرکز میں تعینات پولیس ٹیم کے حوالے کیا جائے گا اور برآمد شدہ ڈیوائس ضبط کر کے اس کا پرچہ منسوخ کیا جائے گا۔ اٴْمیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹیسٹ شروع ہونے سے کم از کم ایک گھنٹہ قبل یعنی سات بجے صبح اپنے متعلقہ امتحانی مراکز پہنچ جائیں جہاں امتحانی مراکز کے داخلی دروازے صبح ساڑھے نوبجے تک بند کرکے امتحانی مراکز صبح 10 بجے سیل کر دیئے جائیں گے ۔ اٴْمید واروں کے پاس اصل دستاویزات شناختی کارڈ، پاسپورٹ، فارم ب موجود ہونا چاہئے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں