وفاقی حکومت نے خیبرپختونخواہ آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ تیل و گیس کے ذخائر تلاش کرنے کا تحریری معاہدہ کرلیا

خیبرپختونخواہ آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ 77 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کریگی ، سالانہ 30 ہزار ڈالرعلاقے کی سماجی فلاحی بہبود کے منصوبوں پر خرچ کریگی

جمعرات 13 ستمبر 2018 15:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2018ء) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخواہ آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ صوبے کے جنوبی اضلاع میں تیل و گیس کے ذخائر تلاش کرنے کا تحریری معاہدہ کرلیاجس کے تحت خیبرپختونخواہ آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ 77 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی اور سالانہ 30 ہزار ڈالرعلاقے کی سماجی فلاحی بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرے گی۔

انتہائی باخبر ذرائع نے جمعرات کے روز’این این آئی‘ کوبتایا کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے صوبہ خیبرپختونخواہ کے جنوبی اضلاع لکی مروت‘ بنوں‘ کرک اور کوہاٹ پر مشتمل ’لکی بلاک ‘میں تیل و گیس کے وسیع ذخائر تلاش کرنے کے لئے خیبرآئل اینڈگیس کمپنی لمیٹڈ(KPOGCL) کو باقاعدہ لائسنس جاری کردیا اورپٹرولیم ڈویژن نے کمپنی کے ساتھ ایک تحریری معاہدہ کیا جس پر سیکرٹری پٹرولیم اورکمپنی کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

بتایاجاتا ہے کہ اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان بھی موجودتھے۔اس تحریری معاہدہ کے تحت خیبر پختونخواہ آئل اینڈگیس کمپنی لمیٹڈ77 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرکے ’لکی بلاک‘ پر مشتمل علاقوں میں تیل و گیس کے ذخائر تلاش کرے گی۔معاہدے کے تحت کمپنی ا ن علاقوں میں سماجی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر سالانہ 30 ہزار ڈالر خرچ کرنے کی پابندہوگی۔

ذرائع کے مطابق ’لکی بلاک ‘تقریباً1269 مربع کلومیٹر رقبہ پر محیط ہے ۔ذرائع کے مطابق لکی بلاک پہلا بلاک ہے جسے خیبرپختونخواہ آئل اینڈگیس کمپنی لمیٹڈ کو ایک آپریٹر کے طورپر دیا گیا ہے۔توقع ہے کہ یہ منصوبہ جنوبی اضلاع سمیت خیبرپختوخواہ میں سماجی اور اقتصادی ترقی میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا جس سے روزگار کے بہتر مواقع میسرآئیںگے ۔ واضح رہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبہ خیبرپختونخواہ میں تیل و گیس کے ذخائر تلاش کرنے کے لئے خیبر پختونخواہ آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کا قیام عمل میں لایاگیا تھا ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں