کوہاٹ،مون سون کی طوفانی اور موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال

کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی موسلادھار بارش کے سبب کوہاٹ اور کرک کے مختلف ندی نالوں میں زبردست طغیانی آگئی

پیر 23 جولائی 2018 20:59

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) کوہاٹ ڈویژن میں مون سون کی طوفانی اور موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس کی وجہ سے کئی دیہی علاقوں میں کچے مکانات کی چاردیواریاں گرگئیں جبکہ ندی نالوں میں زبردست طغیانی آگئی البتہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔کوہاٹ ‘ کرک اور ملحقہ علاقوں میں رات گئے سے شروع ہونے والی طوفانی اور موسلادھار بارش کے باعث شہر اور متعدددیہاتوں میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔

(جاری ہے)

کوہاٹ کے نواحی علاقے گمبٹ میں سیلابی پانی کا ریلا گھروں میںداخل ہونے کی وجہ سے کئی مکانوں کی چاردیواریاں گرنے کی اطلاعات ہیں تاہم فوری طورپر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی موسلادھار بارش کے سبب کوہاٹ اور کرک کے مختلف ندی نالوں میں زبردست طغیانی آگئی۔کوہاٹ کے نواحی علاقے تولنج میں سیلابی پانی کی زدمیں آکر سڑک کا کچھ حصہ بہہ گیا جبکہ کوہاٹ پنڈی روڈ پر غوریزئی کے مقام پر سیلابی پانی کے باعث کچھ وقت کے لئے ٹریفک بھی معطل ہوگئی ۔ بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوگیا وہاں کوہاٹ میں متعدد چھوٹے ڈیموں میں کسی حدتک پانی بھی جمع ہوگیا جو خشک ہونا شروع ہوگئے تھے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں