ڈی آئی جی کاکوہاٹ میں استحکام امن ،انسداد جرائم اور مقدمات کے تفتیشی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت

بدھ 15 اگست 2018 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) کوہاٹ میں استحکام امن ،انسداد جرائم اور مقدمات کے تفتیشی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی غرض سے پولیس حکام کی اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس کی صدارت ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوہاٹ ریجن محمد اعجاز خان کررہے تھے ۔اجلاس میں ڈی پی او کوہاٹ سہیل خالد،ڈی پی او کرک افتخار الدین،ڈی پی او ہنگو پیر شہاب علی شاہ،ایس پی انوسٹی گیشن کوہاٹ جہانزیب خان،ایس پی انوسٹی گیشن کرک عبدالرشید،ایس پی انوسٹی گیشن ہنگو ارشد محمود،ڈی ایس پی لیگل کوہاٹ اسحاق گل اور زیر تربیت اے ایس پی ناصر محمود کے علاوہ دیگر متعلقہ پولیس حکام بھی موجود تھے۔

پولیس کے پیشہ ورانہ عوامل اور استعداد کار کے حوالے سے منعقدہ اس اجلاس میں علاقائی دفاع اورامن و امان کی موجودہ صورتحال ،جرائم کی شرح و مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور تھانوں میں درج مقدمات خصوصاً سنگین نوعیت کی وارداتوںکے تفتیشی عمل میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کوکامیابی سے ہمکنار کرنے کے عوامل پر باہمی تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور استعداد کار کو بڑھانے کیلئے وضع کردہ حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد اعجاز خان نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ قانون و انصاف اور میرٹ کی بالادستی کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی تمام تر توجہ قیام امن،مجرمانہ سرگرمیوںکے انسداد اور تحفظ عامہ پر مرکوز رکھیں۔تمام دستیاب وسائل کو عوام کی جان ومال اور عزت و آبرو کی حفاظت اور کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینے کیلئے بروئے کار لائیں ۔

جرائم پیشہ و مشکوک افراد کی کڑی نگرانی یقینی بنائی جائے اور خلوص نیت ،ایمانداری و خدمت خلق کو شعار بنا کرپولیس عوام کے مربوط تعلقات کو تقویت دینے کی پالیسی کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ڈی آئی جی محمد اعجازخان کا کہنا تھا کہ ڈسپلن پر نہ تو کوئی سمجھوتہ ہوگا اورنہ ہی بدعنوانی و غفلت کا کوئی عنصر برداشت کیا جائے گا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں