کوہاٹ میں صفائی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے خصوصی انتظامات

بدھ 11 ستمبر 2019 21:29

کوہاٹ۔11ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ نے ہر سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام کے حوالے سے صفائی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر عارف روف کی ہدایت پر تمام انتظامی افسران اور صفائی کے عملے کی چھٹیاں پہلے سے ہی منسوخ کر دی گئی تھیں۔

یکم محرم الحرام سے ہی ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ نے اپنے دائرہ کار میں واقع تما م امام بارگاہوں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی اور واشنگ کے ساتھ ساتھ چونا بھی ڈالا۔ محرم الحرام کی اس خصوصی صفائی مہم میں ڈبلیو ایس ایس کوہاٹ کے جنرل منیجر نعیم احمد، اسسٹنٹ منیجر سیوریج اینڈ ڈرینج احسن عدنان اسسٹنٹ منیجر سولیڈ ویسٹ مینیجمنٹ فخرعالم اور چیف سینٹری انسپکٹر محمدسہیل کی زیر نگرانی 200 سے زائد سینیٹیشن سٹاف اور واٹر سپلائی سٹا ف نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

ساتویں، نویں اور دسویں محرم ا لحرام کے جلوس کیلئے مختص کئے گئے راستوں جن میں بنوں بازار، مین بازار، زرگران بازار، ہندو محلہ، مصطفی بازار، میلاد چوک اور سید علیم غازی زیارت شامل ہیں، کوصا ف رکھنے،پانی کا چھڑکا اور چونا ڈالنے کے ساتھ ساتھ ان راستوں کی نالیوں کو بھی صاف رکھا گیا۔ جلوس کے مختص کئے گئے راستوں پر نالیوں کے جنگلوں کی تنصیب کے ساتھ کئی جنگلوں کی مرمت بھی پہلے سے کروائی گئی تھی۔

ہر دن کے جلوس کیلئے راستوں کی صفائی کے ساتھ واٹر سپلائی سٹاف بھی 2واٹر ٹینکرز کے ساتھ ہمہ وقت موجود رہے۔ ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عارف روف نے خود بھی امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور صفائی اور پانی کی ترسیل کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے امام بارگاہوں کے متوالیوں سے بھی ملاقات کی اور ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں