محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے کوہاٹ سمیت صوبہ بھر میں بچوںکی دس مہلک بیماریوں سے بچاؤکے حفاظتی ٹیکے لگانے کی بارہ روزہ خصوصی مہم شروع کردی

جمعرات 12 ستمبر 2019 20:53

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے کوہاٹ ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں بچوںکی دس مہلک بیماریوں سے بچاؤکے حفاظتی ٹیکے لگانے کی بارہ روزہ خصوصی مہم شروع کردی ہے جس کے دوران پیدائش سے لے کر دوسال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ یہ خصوصی مہم گزشتہ روز11 ستمبر2019 سے شروع کردی گئی ہے جو بارہ روز جاری رہ کر اتوار22 ستمبر2019 تک جاری رہے گی تاہم محرم الحرام کی وجہ سے قبائلی اضلاع کرم اور اورکزئی میں حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم14 ستمبر سے شروع کردی جائے گی۔

اس بارہ روزہ خصوصی مہم کے دوران ویکسی نیٹرز ،ڈبلیوایچ اوز اوردیگر عملہ یونین کونسلوں کی سطح پر حجروں اور دیگر مقامات پربچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگائیں گے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کیلئے لوگوں کی آگاہی کیلئے مساجد سے باقاعدہ اعلانات بھی کئے جائیں گے۔ محکمہ صحت کے حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی ویکسی نیشن کرکے انہیں 10 مہلک بیماریوں ٹی بی، پولیو،نمونیا، خسرہ، خناق، تشنج، یرقان، گردن توڑ بخار، کالی کھانسی اور اسہال سے بچائیں۔ امحکمہ صحت خیبر پختونخوا نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس خصوصی مہم سے استفادہ کرکے پیدائش سے لے کر دوسال تک کے تمام بچوں کو اپنے قریبی سنٹر میںیہ ٹیکہ جات مفت لگوالیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں