کوہاٹ، اراضی کے تنازع پر چچا،بھتیجے کے مابین فائرنگ ،ایک ہی خاندان کے چھ افراد لقمہ اجل بن گئے ،خاتون سمیت دو افراد زخمی

جمعہ 4 جون 2021 17:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2021ء) کوہاٹ کے دیہی علاقے ڈھیری بانڈہ میں اراضی کی ملکیت کے تنازع پر خون کی ہولی کھیلی گئی جہاںچچااور بھتیجے کے مابین اندھادھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔جاں بحق اور زخمی افراد آپس میں چچازاد بھائی بتائے جاتے ہیں جن میں دونوں فریقین کے مجموعی طورپر پانچ بھائی بھی شامل ہیں۔

۔پولیس کے مطابق یہ المناک واقعہ کوہاٹ سے چند کلومیٹردور بلی ٹنگ پولیس سٹیشن کی حدودمیں واقع یونین کونسل خرماتو کے دیہی علاقے ڈھیری بانڈہ میں جمعہ کی صبح پیش آیاجہاں ایک ہی خاندان کے افراد مختیار اور اس کے بھتیجے زیورخان کے مابین اراضی کی ملکیت کاتنازع کافی عرصہ سے چلا آرہاتھا جس پر دونوں کے مابین زبانی تکراراورلڑائی کے بعد نوبت فائرنگ تک جاپہنچی اور دونوں نے ایک دوسرے پر آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کی جس کی زدمیں آکر ایک ہی خاندان کے چھ افراد موقع پرہی جاں بحق اورایک خاتون سمیت دیگردو زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس اور دیگر ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں دونوں فریقین کے مجموعی طورپرپانچ بھائی بھی شامل ہیں۔ پولیس اورمقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں لقمان اورابرار پسران آدم معاذ‘ اقبال ولد مختیار اورابدل‘ مختیار‘ اور زیور خان پسران گل خان شامل ہیں۔ زخمیوں میں مسماة (ب) زوجہ اکبرعلی اور فضل مالک ولد عظمت خان شامل ہیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس سٹیشن بلی ٹنگ کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور اس المناک واقعہ میں تمام جاں بحق اور زخمی افراد کو دویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ پہنچادیا جہاں جاں بحق افراد کی پوسٹ مارٹم کرکے لاشیں بعدازاں لواحقین کے حوالے کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں