چینی فرنیچر کمپنیوں کا ’’انٹیریئرز پاکستان‘‘ میں شرکت کا اعلان

تین روزہ میگا بین الاقوامی نمائش 14 دسمبر سے ایکسپو سنٹر لاہور میں شروع ہوگی پاک چین تجارت کا حجم مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، میاں کاشف اشفاق

جمعرات 6 دسمبر 2018 14:22

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) چینی فرنیچر کمپنیوں نے 14 دسمبر سے ایکسپو سنٹر لاہور میں شروع ہونے والی 3 روزہ میگا بین الاقوامی نمائش ’’انٹیریئرز پاکستان‘‘ میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کا دورہ کرنے والے چینی وفد کے سربراہ ہنگ فو نے جمعرات کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کے دوران نمائش میں شرکت پر آمادگی کا اظہار کیا۔

چینی وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی مصنوعات کے لئے سازگار مارکیٹ ہے اور وہ پی ایف سی کے تعاون سے فرنیچر سیکٹر کے فروغ اور دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کے درمیان بہتر کاروباری تعلقات کے فروغ کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ چینی وفد نے پاکستان فرنیچر کی مصنوعات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے خاص طور پر آفس فرنیچر کی تجارت کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے کارپوریٹ شعبوں کے درمیان موجودہ کاروباری تعلقات کو جدید خطوط پر فروغ دینے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

میاں کاشف اشفاق نے نمائش میں شرکت کے اعلان پر وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں ان کے قیام کے دوران انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کا حجم 1.5 ارب ڈالر سے زائد ہے جسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی فرنیچر کی بڑی گنجائش موجود ہے اور کلاسک و روایتی ڈیزائنوں کے لکڑی کے فرنیچر کو متعارف کرانے کیلئے عالمی تجارتی و فرنیچر نمائشوں میں شرکت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

میاں کاشف نے کہا کہ مارکیٹوں میں سستے چینی فرنیچر کی بڑی تعداد کے باوجود پاکستان کے ہاتھ سے تیار فرنیچر کی اپنے روایتی ڈیزائن اور اعلیٰ معیار کے باعث مانگ بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے معیشت کی بحالی کے لئے فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے غیر ملکی دوروں میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات کے حجم میں اضافہ کے لئے کوششیں کی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں