لاہور چیمبر میں ٹیکس کلینک کا انعقاد

جمعرات 18 اپریل 2024 21:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کو ٹیکس معاملات پر آگاہی فراہم اور ان کے ریفنڈز، نوٹسزاور آڈٹ سمیت دیگر مسائل حل کرنے کے لیے ٹیکس کلینک منعقد کیا گیا ۔لاہور چیمبر کی دس سے زائد فرموں نے ٹیکس کلینک کے دوران اپنے مسائل پیش کیے اور ماہرین نے ان کا حل تجویز کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا کا پہلا چیمبر ہے جس نے اے سی سی اے پاکستان کے اشتراک سے یہ اہم قدم اٹھایا ہے۔

ملینیئم لاء اینڈ کارپوریٹ کمپنی کے مینیجنگ پارٹنر عمر ظہیر میر نے ٹیکس کلینک مشاورتی سیشن میں ممبران کے سوالات کے تفصیلا جوابات دئیے اور انہیں ٹیکس سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے رہنمائی بھی فراہم کی۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے ٹیکس کلینک میں خصوصی طور پر شرکت کی اور شرکاء کو اس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

ٹیکس کلینک ہر جمعرات دو سے چار بجے تک ممبران کو بلامعاوضہ ٹیکس معاملات پر مشاورت فراہم کررہا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اے سی سی اے پاکستان کے اشتراک سے ٹیکس کلینک کے قیام کا مقصد کاروباری برادری کو ضروری معلومات فراہم اورسینئر ماہرین کے ساتھ ٹیکس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کاموقع فراہم کرنا ہے۔ ٹیکس کلینک کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پیچیدگیوں سے محفوظ رہنے کے لیے ٹیکس کے نظام کو پوری طرح سمجھا جائے ۔

تاجر برادری ڈاکومنٹیشن پر خصوصی توجہ دے جس سے انہیں آڈٹ اور ٹیکس سے متعلق معاملات احسن طریقے سے چلانے میں مدد ملے گی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر اپنے ممبران کے لیے ایسے اقدامات اٹھاتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں