آئی جی کا پولیس چیک پوسٹ حضرت عمر فاروق (جھنگی)کا دورہ

عثمان انور دہشتگردوں کا حملہ پسپا کرنے والے جوانوں سے بغل گیر ہو گئے تمام جوانوں کوفی کس 50 ہزار روپے جبکہ زخمی اہلکاران کوفی کس 01 لاکھ نقد انعام دیا

بدھ 1 مئی 2024 23:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے ڈی جی خان میں پولیس چیک پوسٹ حضرت عمر فاروق (جھنگی )کا دورہ کیا، آئی جی پنجاب نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے والے پولیس کے بہادر جوانوں سے ملاقات کی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور جوانمردی سے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے والے جوانوں سے بغل گیر ہو گئے۔

آئی جی نے دلیری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ آئی جی پنجاب نے چیک پوسٹ پر تعینات تمام جوانوں کو فی کس 50 ہزار روپے جبکہ زخمی اہلکاران کو فی کس 01 لاکھ نقد انعام دیا،آئی جی پنجاب نے دہشت گردوں کے حملے سے پولیس چیک پوسٹ حضرت عمر فاروق (جھنگی) کو پہنچنے والے نقصان کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

آر پی او ڈی جی خان اور دیگر افسران نے آئی جی پنجاب کو واقعہ کی تفصیلات اور پولیس کو درپیش چیلنجز بارے بریفنگ دی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان کے سر بکف جانبازوں نے کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کا 02 ماہ بعد ایک بار پھر جھنگی (حضرت عمر فاروق) پولیس چیک پوسٹ پر منگل کی شب ہونے والا حملہ ناکام بنا دیا ہے، پنجاب پولیس کے پہلے سے الرٹ جوانوں نے 03 گھنٹے بہادری سے لڑتے ہوئے دہشتگردوں کو پسپا ئی پر مجبور کر دیا،، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 سے 20 دہشتگردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر مختلف اطراف سے شدید حملہ کیا، دہشت گرد جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ اور تعینات اہلکاروں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے، دہشتگردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ، لیزر لائٹ گنز سمیت دیگر جدید اسلحہ استعمال کیا، تاہم پولیس جوانوں کی زبردست مزاحمت اور ایمونیشن ختم ہونے پر دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہوئے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس الرٹ ہے، دہشتگردوں کو کبھی ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی پی ڈیرہ غازی خان حملہ کی اطلاع ملتے ہی مزید کمک لے کر موقع پر پہنچے، جھنگی چوکی پر تعینات 07 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہوئے، ڈسٹرکٹ پولیس، ایلیٹ، ایس او یو کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا، زخمیوں میں اے ایس آئی عمران، کانسٹیبلز محمد عامر، عاشق زین، رحمت اللہ، ثنا اللہ، ایلیٹ کانسٹیبل طارق شامل ہیں جبکہ شدید زخمی ایلیٹ کانسٹیبل شاہد منظور کو علاج معالجے کیلئے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او اور ڈی پی او ڈی جی خان کو زخمی پولیس افسران اور اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چیک پوسٹ پر تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے اور مورچوں کو مزید مضبوط کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ جھنگی چیک پوسٹ پر پولیس کی اضافی نفری اور مزید وسائل فراہم کئے جائیں گے،آئی جی پنجاب نے چیک پوسٹ پر بکتر بند گاڑی اور مزید جدید ترین اسلحہ کی فراہمی کا حکم دیا۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کا کہناتھا کہ جھنگی چیک پوسٹ پر تعینات پولیس جوانوں کا مورال اور عزم و حوصلہ بلند ہے۔اپنجاب پولیس کے سربکف جوان میرا فخر اور محکمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے جوانوں کی بہادری اور ثابت قدمی کو سرکاری و عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارا مورال پست نہیں کرسکتے،پنجاب پولیس کے جوان سرحدی چیک پوسٹوں پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں،ایڈیشنل آئی جی ساتھ پنجاب کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید اور ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس بھی ہمراہ تھے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدبتایا کہ آر پی او ڈی جی خان اور ڈی پی او ڈی جی خان نے 02 روز قبل جھنگی چوکی کا دورہ کیا، تعینات نفری کو حملہ کے تھریٹ سے آگاہ کرتے ہوئے دفاعی اقدامات کی ریہرسل کروائی تھی، آر پی او ڈی جی خان نے کہا کہ جھنگی چوکی کو اضافی نفری، ضروری آلات اور اسلحہ بھی پہلے ہی فراہم کر دیا گیا تھا، انچارج چوکی جھنگی سب انسپکٹر محی الدین نے اپنی نفری کے ساتھ چیک پوسٹ کا بہترین دفاع کیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشتگرد حملہ آوروں کا جانی نقصان ہوا، پولیس ٹیمیں علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ جھنگی پولیس پوسٹ پر تعینات اہلکار الرٹ اور مورال بلند ہے، رات کی تاریکی میں حملہ کی بزدلانہ حرکت پر آئندہ بھی دشمن کو منہ کی کھانی پڑے گی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کا ہر سپاہی ملک و قوم کے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے، آر پی او اور ڈی پی او ڈی جی خان اپنے جوانوں کے شانہ بشانہ پولیس چوکی جھنگی پر موجود ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں