وزیراعلیٰ پنجاب سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کی ملاقات

شہبازشریف نے سابق ایئرچیف مارشل سہیل امان کے حکومت پنجاب کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا

اتوار 20 مئی 2018 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ کے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ملک کے دفاع کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔

(جاری ہے)

فضائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک فضائیہ کے شاندار کردار کی دنیا بھی معترف ہے۔ پاکستان کی ایئرفورس دنیا کی بہترین فضائی قوت ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرأت اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو بہادر شاہنیوں پر فخر ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے چیف آف ایئرسٹاف ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کا خیرمقدم کیا اور انہیں پاکستان ایئرفورس کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سابق ایئرچیف مارشل سہیل امان کے حکومت پنجاب کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں