وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چین کے سفیر یائو جنگ کی ملاقات،مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

پیر 24 ستمبر 2018 20:38

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چین کے سفیر یائو جنگ کی ملاقات،مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں چین کے تعاون کو نئی جہتیں دی جائیں گی اور زراعت کے فروغ، غربت کے خاتمہ، جنوبی پنجاب کے نظر انداز علاقوں میں ترقی کا عمل شروع کرنے اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبو ں میں چین نے پنجاب کی صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوںنے کہاکہ نئے پاکستان کے پنجاب میںتمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے جس کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور سرمایہ کاروں کو تحفظ اور تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں کیونکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق نئے پاکستان میں امداد کی بجائے سرمایہ کاری پر مکمل توجہ دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور سی پیک نے دونوںممالک کے باہم برادرانہ تعلقات کو سرمایہ کاری میں تبدیل کر دیا ہے جو دونوں ممالک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی ویژنری قیادت سی پیک کے منصوبہ کی اہمیت سے نہ صرف آگاہ ہے بلکہ سی پیک میں سعودی سرمایہ کاری کے ذریعہ اس منصوبہ کو نئی جہتیں دی جا رہی ہیں جس سے عظیم منصوبہ کی افادیت میں اضافہ ہوا ہے اور مستقبل میں یہ منصوبہ مزید استحکام کے ساتھ تکمیل کی منازل طے کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے چین کے سفیر یائو جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے آج پنجاب ہائوس اسلام آباد میں وزیراعلی عثمان بزدار سے ملاقا ت کی-ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، دوطرفہ تعلقات، سی پیک ، پنجاب میں چین کے تعاون سے جاری منصوبوں ا ور سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلی اور چینی سفیر نے مستقبل میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا-وزیراعلیٰ نے کہاکہ چین نے ہمیشہ ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستا ن کا ساتھ دیا ہے اوردونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں ممالک کی قیادت کے مابین بین الاقوامی امور پر نقطہ نظر میں مماثلت پائی جا تی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چین کی ترقی پاکستان کیلئے رول ماڈل ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے چین کے تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھا یا جائیگا۔

انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت ملک میں کرپشن کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہے اور عوام کی لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت دورس اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے نہ صرف عوام کا حکومتی اداروں پر اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوگا جس سے ملک میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور نہ صرف عوام کو سہولیات میسر ہو نگی بلکہ ترقی کا عمل تیزی سے طے کیا جائیگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت عا م پا کستانی کی حکومت ہے اور ملک میں وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ، سادگی کو فروغ دیا جا رہا ہے اور وی آئی پی کلچر کے خاتمہ کا آغاز وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ذات سے کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے ان عوام دوست اقدامات سے عام شہری کا حکومتی اقدامات پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور بھر پور عوامی حمایت کی حامل تحریک انصاف کی حکومت زندگی کے ہر شعبہ میں اصلاحات کیلئے 100 روزہ پروگرا م پر تیزی سے گامزن ہے اور یہ ماحول بیرونی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ اور ساز گا رہے ۔

چینی سفیر نے وزیر اعلی سردارعثمان بزدار کومبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہاکہ چین کی حکومت پاکستا ن کی نئی حکومت سے زندگی کے تمام شعبوں میں ہر ممکن تعاون کرے گی اور پاکستان اور چین کی تاریخی دوستی مزید مستحکم ہو گی۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب کو پاکستان کی معیشت میں اہم مقام حاصل ہے اور چین پنجاب کے زرعی شعبہ کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اوراس ضمن میں ہر ممکن تعاون اور سرمایہ کاری فراہم کی جائیگی۔

انہوںنے کہاکہ چین پنجاب کے سماجی شعبوں بشمول صحت ، زراعت، تعلیم، صاف پانی کی فراہمی اور دیگر اہم شعبوں میں بہتری کیلئے تعاون فراہم کریگا ۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک کے اگلے مرحلہ میں عوام کے ساتھ روابط کو مستحکم کیا جائیگا اور مقامی لوگوںکو مختلف سماجی شعبوں میں تعاون فراہم کیا جائیگا تاکہ چین اور پاکستان کی دوستی مزید مستحکم ہو۔ وزیرا علی سردار عثمان بزدار نے چینی سفریائوجنگ کو ڈیرہ غازی خان کی روایتی چھڑی کا تحفہ پیش کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں