ملک کی سب سے بڑی پولیس فورس کی سربراہی ایک اعزاز ہے ،عوامی شکایات و مسائل کے فوری خاتمے کیلئے سروس ڈلیوری کے نظام میں مزید بہتری لائی جائیگی،

صوبے کے تمام اضلاع میں بنائے گئے پولیس خدمت مراکز کو جدید سافٹ ویئرز کی مدد سے انٹرلنک کردیا جائیگا انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی کی چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 15 اکتوبر 2018 23:03

ملک کی سب سے بڑی پولیس فورس کی سربراہی ایک اعزاز ہے ،عوامی شکایات و مسائل کے فوری خاتمے کیلئے سروس ڈلیوری کے نظام میں مزید بہتری لائی جائیگی،
لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ عوامی شکایات اور مسائل کے فوری خاتمے کیلئے سروس ڈلیوری کے نظام میں مزید بہتری لائی جائیگی اورصوبے کے تمام اضلاع میں بنائے گئے پولیس خدمت مراکز کو جدید سافٹ ویئرز کی مدد سے انٹرلنک کردیا جائیگا تاکہ ایک ضلع کا رہائشی دوسرے ضلع میں مقیم ہونے کے باوجود کریکٹر سرٹیفیکیٹ ، کرایہ داری اندراج اور ایف آئی آر کاپی کے حصول سمیت تیرہ سے زائد دیگر سہولیات باآسانی حاصل کرسکے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کا چارج سنبھالنے کے بعد سنٹرل پولیس آفس میں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ بابر بخت قریشی ، پی ایس او ٹو آئی جی افضال احمد کوثر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، سنٹرل پولیس آفس آمد پر آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جس کے بعد کمیٹی روم میں چینج آف کمانڈ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سابق آئی جی پنجاب محمد طاہر نے پنجاب پولیس کی کمان باضابطہ طورپر آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کے سپرد کی ، چینج آف کمانڈ تقریب میں سی پی او کے تمام ایڈیشنل آئی جیز ، ڈی آئی جیز سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے، آئی جی پنجاب نے میڈیا کے نمائندگان کے ساتھ باضابطہ ملاقات کے دوران انکے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی استعداد کار میںمزید اضافے کیلئے جامع پروگرام کے تحت تمام اضلاع میں ریفریشر کورسز اورتربیتی ورکشاپس کا انعقادکیا جائیگا اور فورس کا 10فیصد حصہ ہمیشہ کسی نہ کسی انداز میں زیر تربیت رہے گا تاکہ افسران و اہلکار جدید پولیسنگ کے چیلنجز سے ہم آہنگ ہوکر زیادہ بہتر انداز میں عوامی خدمت کے فرائض سر انجام دے سکیں، انہوں نے کہا کہ تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی اور ڈسپلن کے معاملات کی نگرانی مزید موثر بنانے کیلئے سنٹرل پولیس آفس کی ڈسپلن اینڈ انسپکشن برانچ کو انٹرنل اکائونٹیبلٹی یونٹ میں تبدیل کیا جائیگا، صوبے کے تمام اضلاع میں ریسورس مینجمنٹ سنٹرز قائم کئے جائیں اور قبضہ گروپوں سمیت سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائی میںقطعی کوئی رعایت نہیں کی جائیگی، انہوں نے کہا کہ تھانوں میں آنے والے عوام کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آتے ہوئے انکے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے جبکہ عوام کی جان ومال کے دشمن جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ سختی سے پیش آیا جائے ،آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی پولیس فورس کی سربراہی ایک اعزاز ہے اور وہ اس ذمہ داری کو پوری ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے، انہوں نے کہا کہ پولیس سروس میں تین دہائیاںگزارنے کے بعد انہیں عوامی مسائل اور درپیش چیلنجز کا بخوبی علم ہے اور اپنے اس تجربے کی روشنی میںبہترین عوامی خدمت کے مقصد کے حصول اور تمام مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائیگا، انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا معاشرے کا اہم ستون ہے جس کی جانب سے سسٹم کی بہتری اور عوامی مسائل کی نشاندہی کی ہر کوشش کوسراہا جائیگا، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کیلئے انٹرنل اکائونٹیبلٹی کے نظام کو مزید موثربنایا جائیگا اور محکمے میںکسی افسر و اہلکار کی کرپشن کی نشاندہی پر بھرپور اور موثر کاروائی کی جائیگی ، سندھ پولیس کی طرز پر صوبے کے تمام اضلاع میں ریسورس مینجمنٹ سنٹرز بنائے جائیںگے تاکہ دستیاب وسائل کو مزید موثر انداز میں استعمال کیا جا سکے، آئی جی پنجاب نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی بہترین خدمت پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے گذشتہ ادوار میں شروع کئے گئے عوامی خدمت کے آئی ٹی پراجیکٹس کو مزید بہتر بناتے ہوئے جاری رکھا جائیگا، انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے فوری ازالے کیلئے ضلعی اور مرکزی سطح پر کھلی کچہریوں کے انعقاد کو یقینی بنایا جائیگا اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے انکے مسائل کے حل میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائیگی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں