تحریک انصاف کا اصلاحاتی ایجنڈا عوام دوست ، اداروں کی بہتر کارکردگی سے عوام کو ریلیف ملے گا‘عثمان بزدار

عوام کی خدمت کا مشن پورا کرینگے، غیر ضروری اخراجات روکنے کیلئے مالیاتی نظم و ضبط پر عملدرآمد کر رہے ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 12 نومبر 2018 20:17

تحریک انصاف کا اصلاحاتی ایجنڈا عوام دوست ، اداروں کی بہتر کارکردگی سے عوام کو ریلیف ملے گا‘عثمان بزدار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا اصلاحاتی ایجنڈا عوام دوست ہے اور اس ایجنڈے کی تکمیل ہمارا مشن ہے کیونکہ اصلاحاتی ایجنڈا مکمل ہونے سے اداروں کی کارکردگی بہتر ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا، اسی لئے تحریک انصاف کی حکومت نے اداروں کی استعدادکار بڑھا نے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اداروں کو بہتر بنا کر اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے اور عوام کی خدمت کا سفر مشن سمجھ کر پورا کریں گے۔ پنجاب حکومت غیر ضروری اخراجات روکنے کیلئے مالیاتی نظم و ضبط پر سختی سے عملدرآمد کر رہی ہے اور اس اقدام سے غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پائیدار ترقی کا سفر پسماندہ اور دور دراز علاقوں تک لے کر جائیں گے ۔

جنوبی پنجاب کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے بنا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پائیدار پالیسیاں مرتب کر رہی ہے۔ تعلیم، صحت اور پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ شہروں، قصبوں اور گائوں کے مکینوں کیلئے صاف پانی کی مستقل فراہمی کا پراجیکٹ لا رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں سرکاری سکولوں کا معیار اچھے تعلیمی اداروں کے برابر لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے برعکس حقیقی ترقی کے منصوبے لائیں گے، عوام جلد تبدیلی محسوس کریں گے۔ ہیلتھ پراجیکٹس کا دائرہ کار دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک وسیع کریں گے۔ حکومت دور دراز کے علاقوں میں رہنے والوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرے گی۔ تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی سہولتیں فراہم کرکے دم لیں گے ۔عوام کو ریلیف دینے کے لئے شب و روز کوشاں ہیں ۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار رکن قومی اسمبلی محمد خان لغاری سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے آج وزیراعلیٰ آفس میں ان سے ملاقات کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں