آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی سے اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وفد کی ملاقات

ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا فیصلہ

منگل 20 نومبر 2018 22:36

آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی سے اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وفد کی ملاقات
لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) اوورسیز پاکستانیوں کی پولیس سے متعلق تمام شکایات کے بروقت ازالے کیلئے موصول ہونے والی شکایات کو ایک سافٹ ویئر کے ذریعے آئی جی شکایت سیل 8787 کے ساتھ مربوط کر دیا جائیگا اور اس کے علاوہ تمام ایمبیسیز جہاں پاکستانیوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے کو بھی اس سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تا کہ تارکین وطن کو پولیس سے متعلقہ شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے، اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز سنٹرل پولیس آفس لاہور میں آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کی سربراہی میں ایک میٹنگ میں کیا گیا، جس میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عثمان انور، وائس چیئرمین چوہدری وسیم اختر اور چوہدری وسیم ظفر نے شرکت کی، اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب، ایس ایس پی عمران محمود ، اے آئی جی آپریشنز اور اویس ملک بھی موجود تھے، وفد نے آئی جی پنجاب کو تفصیلی طور پر زیر التواء کیسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اب کمیشن کو 2092 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے پنجاب پولیس نے 1659کو حل کر لیا اور 433 تا حال زیر التواء ہیں جس پر آئی جی پنجاب نے اے آئی جی آپریشنز اویس ملک کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ 30 دن کے اندر ان زیر التواء شکایات کے ازالے کو ممکن بنائیں اور اگلی میٹنگ میں اس کے بارے میں آگاہ کریں، امجد جاوید سلیمی نے یہ بھی ہدایات جاری کیں کہ تمام ڈی پی اوز کے دفاتر میں قائم کئے گئے اوورسیز کمیشن کے کائونٹرز پر انسپکٹر رینک کے افسر کی تعیناتی کو ممکن بنائیں اور فوری طور پر جونیئر افسران کو وہاں سے تبدیل کیا جائے، اس کے علاوہ وہ تمام ممالک جن میں پاکستانیوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے ان کی شکایات کو بھی اس سسٹم کے ساتھ مربوط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، خصوصی طور پر یو کے، امریکہ ، سعودی عرب، متحدہ عرب عمارات ، سپین اور ناروے جہاں پاکستانیوں کی بھاری تعداد آباد ہے کو اوور سیز پاکستانیز کمیشن کے ذریعے آئی جی شکایت سیل 8787کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا،آئی جی پنجاب نے وفد کو بتایا کہ ان اوورسیز کے کائونٹرز کو دوسرے مرحلے میں خدمت مراکز کے ساتھ بھی مربوط کر دیا جائے گا تا کہ لوگوں کا قیمتی وقت اور پیسہ بچایا جا سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں