چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کا نیب لاہور بیورو کا دورہ

بدھ 23 جنوری 2019 23:14

چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کا نیب لاہور بیورو کا دورہ
لاہور/اسلام آباد۔23 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے بدھ کو نیب لاہور بیورو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب کو میگا کرپشن مقدمات میں اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب نے تفتیشی افسران و پراسیکیوٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب آئین اور قانون کے مطابق فرائض سرانجام دے رہا ہے، نیب تفتیشی افسران بدعنوان عناصر کے خلاف قانون کے مطابق اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی پارٹی سے نہیں نیب کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے، نیب کا مقصد بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی قومی دولت کی برآمدگی اور اسے قومی خزانے میں جمع کروانا جبکہ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب ہر شخص کی عزت نفس کا خیال رکھنے پر یقین رکھتا ہے اور نیب حوالات میں ملزمان کو جیل مینول سے زائد سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

نیب کسی قسم کے تشدد پر یقین نہیں رکھتا اور وائٹ کالر کرائمز میں تحقیقات قانون کے مطابق ٹھوس شواہد پر مبنی ہوتی ہیں جن کیلئے نیب کے تفتیشی افسران کو باقاعدہ کورسز کرائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں قانون کے مطابق کیس بنتا ہوگا وہاں کسی خوف اور دبائو کی پرواہ کئے بغیر میرٹ پر کیس بنائیں گے اور جہاں کیس نہیں بنتا اسے قانون کے مطابق بند کر دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے ہر ریجن میں علیحدہ طور پر شکایت سیل قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پر شکایت کنندگان کی شکایات 2سے 3 بجے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ ڈائریکٹر اور ان کا سٹاف سنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے جعلی اکائونٹس کیس کی تحقیقات کا قانون کے مطابق آغاز کر دیا ہے، جعلی اکائونٹس کیس کی نیب کو منتقلی معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کے نیب پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے جبکہ اینٹی کرپشن واچ ڈاگ معزز عدالت کے اعتماد پر پورا اترا ہے، نیب افسران قانون کے مطابق پیشہ واریت اور میرٹ پر عمل کرتے ہوئے اپنے کام کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔

چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی سر براہی میں نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ نیب لاہور کی کارکردگی کا نیب کی مجموعی کارکردگی میں ہمیشہ اہم حصہ رہا ہے۔انہوں نے نیب افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام میگا کرپشن کیسز کو قانون کے مطابق نمٹانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں