عوامی رکشہ یونین کا30مارچ کو ایل پی جی مافیا اور حکومتی گٹھ جوڑ کے خلا ف گورنر ہائوس کے باہردھرنا دینے کا اعلان

منگل 26 مارچ 2019 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) عوامی رکشہ یونین نے 30مارچ کو ایل پی جی مافیا اور حکومتی گٹھ جوڑ کے خلا ف گورنر ہائوس کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کردیا ۔ عوامی پاسبان و عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے ایل پی جی مافیا اور حکومتی گٹھ جو ڑ کے بعدقیمتوں میں ہونے والے متوقع اضافے کے خلاف بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوامی رکشہ یونین 30مارچ کو ایل پی جی مافیا اور حکومتی گٹھ جوڑ کے خلا ف گورنر ہائوس کے سامنے احتجاجی دھرنا دے گی ۔

انہوںنے کہاکہ غریبوں نے تحریک انصاف کو ووٹ لٹیروں سے نجات کیلئے دئیے تھے ان سے اتحاد کیلئے نہیں۔اس سے پہلے بھی ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ کرنے والے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی حکومتوںکے ماتھے کا جھومر رہے ہیں اور سابقہ حکومتوں کی چھتر چھایہ تلے انہوں نے ملک کے غریب طبقے کو کھل کر لوٹا ہے اور سرپرستی کرنے والوں کو بھی خوب نوازاہے۔

(جاری ہے)

اب تحریک انصاف کی حکومت میں گورنر ہائوس میں ایل پی جی مافیا کانفرنس کرکے انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ باور کروانا چاہتا ہے کہ ہمیں اب حکومت کی سرپرستی حاصل ہے اگر ہمیں کسی افسر یا محکمے نے لوٹ مار سے روکا تو اس کا تبالہ کسی ریگستانی علاقے میں کروا دیا جائے گا۔اگر عمران خان نے ایل پی جی مافیا اور حکومتی عہدیداران کے گٹھ جو ڑ کا نوٹس نہ لیا تو قوم اس حکومت کو بھی اقتدارکے ایوانوں سے لا باہر کھڑا کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں