اراکین اسمبلی کو عوام اور ملک کی ترقی کے لیے قانون سازی میں دلچسپی لینی چاہیے‘دوست محمد مزاری

صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر کے صوبائی اور لسانی تعصبات سے بالا تر ہو کر عوام کی خدمت کرنی ہے‘ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

بدھ 13 نومبر 2019 18:00

اراکین اسمبلی کو عوام اور ملک کی ترقی کے لیے قانون سازی میں دلچسپی لینی چاہیے‘دوست محمد مزاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری سے ڈپٹی سپیکر خیبر پختون خواہ اسمبلی جان محمد کی سربراہی میں سندھ اسمبلی، خیبر پختون خواہ اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی کے ارکین پر مشتمل ڈیمو کریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کے وفدنے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی ۔ڈیمو کریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کا مقصد سینٹ آف پاکستان ، نیشنل اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکان کا ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر کے زیادہ موثر قانون سازی کرنا ہے۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا کہ ہمیں صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر کے صوبائی اور لسانی تعصبات سے بالا تر ہو کر عوام کی خدمت کرنی ہے۔

(جاری ہے)

اراکین اسمبلی کو عوام اور ملک کی ترقی کے لیے قانون سازی میں دلچسپی لینی چاہیے۔ڈی آر ایل کے منصوبہ سے پنجاب اسمبلی، چاروں صوبوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبائی حکومتوں کو تعلیم پرخصوصی توجہ دینا ہو گی کیونکہ تعلیم کے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ملاقات میں جاوید احمد ملک، سمیہ یوسف، ڈی جی پارلیمانی امور پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک اور ڈپٹی سیکرٹری قانون سازی پنجاب اسمبلی خالد محمود بھی موجود تھے۔ ڈپٹی سپیکرخیبر پختون خواہ جان محمد نے کہا کہ لاہور آمد پر جس محبت کا اظہار کیا وہ اسے کبھی نہیں بھلا سکتے۔ وفد نے پنجاب اسمبلی کا ایوان اور پنجاب اسمبلی کی زیر تعمیر نئی بلڈنگ کا دورہ بھی کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں